وزیر اعظم پاکستان اور آرمی چیف کا دورہ سعودی عرب، عمرہ کی سعادت حاصل کی

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور ان کے ہمراہ وفد نے عمرہ کی سعادت حاصل کی۔

وزیراعظم آفس کے مطابق اس دوران خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر ان کے لیے کھولا گیا۔ وزیراعظم اور آرمی چیف نے خانہ کعبہ کے اندر نفل نمازیں ادا کیں اور “بنیان مرصوص” آپریشن میں حاصل ہونے والی کامیابی پر اللہ کا شکر ادا کیا۔

انہوں نے اس موقع پر پاکستان کی معاشی ترقی، عوامی فلاح اور قومی سلامتی میں حالیہ کامیابیوں پر بھی رب کا شکر کیا۔

وزیراعظم کا یہ دورہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر 5 اور 6 جون کو ہو رہا ہے، اور وہ عیدالاضحیٰ بھی سعودی عرب میں ہی گزاریں گے۔

جدہ پہنچنے پر وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ گورنر جدہ شہزادہ سعود بن عبداللہ جلاوی، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر نواف بن سعید المالکی، پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق اور دیگر اعلیٰ حکام نے وزیراعظم اور آرمی چیف کا استقبال کیا۔

دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان اہم ملاقات متوقع ہے۔ اس ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، امت مسلمہ کی فلاح و بہبود، اور خطے میں امن و سلامتی کے مسائل پر بات چیت کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم سعودی قیادت کے تعمیری کردار پر ان کا شکریہ بھی ادا کریں گے، خصوصاً حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سعودی قیادت کے اقدامات پر۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں