شادی میں شرکت کے لیے جانے والا ٹرک دریا میں گرنے سے 71 افراد جاں بحق

افریقی ملک ایتھوپیا میں ایک المناک حادثے میں عوام سے بھرا ہوا ٹرک بے قابو ہو کر دریا میں جا گرا، جس کے نتیجے میں 71 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثہ ضلع بونا میں پیش آیا، جہاں متاثرین شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔ زخمیوں کو فوری طور پر بونا جرنل اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ایتھوپیا کے سرکاری ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 68 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں۔

یہ واقعہ ایتھوپیا میں ٹریفک حادثات کے بڑھتے ہوئے سلسلے کی ایک اور کڑی ہے، جہاں گاڑیوں کی ناقص حالت اور ڈرائیونگ کے خراب معیار کی وجہ سے ہر سال قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔

واضح رہے کہ 2018 میں بھی ایتھوپیا میں ایک بس کھائی میں گرنے سے 38 افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں زیادہ تر طالب علم شامل تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں