پاکستان کے صوبہ پنجاب میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں مختلف حادثات میں سات افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں، جب کہ مزید دو روز تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں کی وجہ سے بوسیدہ اور مخدوش مکانات گرنے سے جانی نقصانات ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، ان حادثات میں سات افراد جاں بحق اور سات زخمی ہوئے ہیں۔ ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ، راولپنڈی میں ایک عمارت گرنے کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق ہوا، جب کہ کلر سیداں میں نہاتے ہوئے تین بچے ڈوب کر ہلاک ہو گئے۔
ادارے کے مطابق، مون سون بارشوں کا موجودہ سلسلہ 10 جولائی تک جاری رہنے کی توقع ہے، جس کے دوران مزید احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔