مرچ برداشت کرنے کا معیار ہر ایک کا ایک جیسا نہیں۔ بعض لوگ مرچ کا ایک ٹکڑا کھاتے ہی ہی پانی کے لئے دوڑ پڑتے ہیں جبکہ کچھ ایسے بھی ہیں جو موقع ملنے پر ہاٹ ساس کی پوری بوتل پی جائیں۔ کچھ لوگ مرچ کی تیزی کے شوق میں اتنے آگے ہوتے ہیں کہ دنیا کی سب سے تیز مرچیں ڈھونڈنے کے لیے ریستورانوں اور گروسری اسٹورز کی خاک چھانتے ہیں۔
کیپسائسن (Capsaicin) وہ کیمیائی جزو ہے جو مرچ کو تیز بناتا ہے۔ یہ نہ صرف کھانوں میں تیزی پیدا کرتا ہے بلکہ طبی فوائد بھی رکھتا ہے، جیسے درد یا خارش کے علاج میں مددگار ہونا۔ تحقیق سے یہ بھی ظاہر ہوا ہے کہ یہ ایسے جین کے اظہار کو بدل سکتا ہے جو کینسر کا باعث بنتے ہیں۔ اس لیے اگر آپ کا معدہ برداشت کر سکے تو دنیا کی سب سے تیز مرچیں کھانے کے فائدے بھی ہو سکتے ہیں۔
لیکن سوال یہ ہے کہ دنیا کی سب سے تیز مرچ کون سی ہے؟ اس کا جواب دینے کے لیے پہلے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ “تیزی” ماپی کیسے جاتی ہے۔
اسکوویل اسکیل پر تیزی کی پیمائش
مرچ کی تیزی کو اسکوویل ہیٹ یونٹس (SHU) میں ناپا جاتا ہے۔ اس پیمانے کو ایک امریکی فارماسسٹ ولبر اسکوویل نے بنایا، جس میں یہ دیکھا جاتا ہے کہ مرچ کو کتنے پانی میں گھولنے پر اس کی تیزی ختم ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر اگر کسی مرچ کی پیمائش 1,000 SHU ہو تو اسے 1,000 برابر مقدار میں پانی میں ملانا پڑے گا تاکہ وہ مزید تیز نہ لگے۔
ایک ہزار ایس ایچ یو (SHU)مرچوں کی دنیا میں کم سمجھا جاتا ہے۔ حتیٰ کہ ہری جلیپینو یا ایلاپینو مرچ بھی 2,000 سے 8,000 SHU تک تیز ہوتی ہے۔ جبکہ کچھ سپر ہاٹ مرچیں 10 لاکھ SHU سے بھی زیادہ کی تیزی رکھتی ہیں۔ ذیل میں ہم سات ایسی مرچوں کا ذکر کر رہے ہیں جن کی تیزی آزادانہ طور پر تصدیق شدہ ہے اور جو سب سے کم سے زیادہ تیز ترتیب میں رکھی گئی ہیں۔
7. اسکاچ بونیٹ مرچ (ساڑھے تین لاکھ SHU)
اسکاچ بونیٹ مرچ کو یہ نام اس کی شکل کی وجہ سے ملا جو اسکاٹ لینڈ کی ٹوپی جیسی لگتی ہے۔ یہ ہبانرو مرچ کی قریبی رشتہ دار ہے اور تیزی میں تقریباً برابر ہے۔ یہ مرچ زیادہ تر جنوبی امریکا، مغربی افریقہ اور کیریبین میں اُگتی ہے اور کیریبین کھانوں میں اصل ذائقہ پیدا کرنے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ 1990 کی دہائی سے پہلے یہ دو ایسی مرچوں میں شامل تھی جن کی تیزی 350,000 SHU سے اوپر تھی (دوسری ہبانرو تھی)۔

6. ریڈ ساوِینا مرچ (350,000 – 575,000 SHU)
ریڈ ساوِینا ہبانرو مرچ کی ایک قسم ہے جسے فرینک گارسیا نے کیلیفورنیا میں تیار کیا تاکہ یہ بڑی اور زیادہ تیز ہو۔ 1994 سے 2006 تک گنیز ورلڈ ریکارڈز نے اسے دنیا کی سب سے تیز مرچ قرار دیا۔ ذائقہ ہبانرو جیسا ہے مگر تیزی کہیں زیادہ۔

5. بھوٹ جولوکیا (گوسٹ پیپر) – 1,001,304 SHU
بھوٹان اور بھارت کے شمال مشرق سے تعلق رکھنے والی یہ مرچ امریکا میں گوسٹ پیپر کے نام سے جانی جاتی ہے۔ 2006 میں یہ دنیا کی سب سے تیز مرچ قرار پائی۔ اس کی تیزی ریڈ ساوِینا سے دوگنی ہے۔

4. ناگا وائپر مرچ (1,382,118 SHU)
برطانیہ میں تیار کی گئی یہ مرچ تین تیز ترین مرچوں — ناگا مورچ، بھوٹ جولوکیا اور مورُوگا اسکورپین — کے ملاپ سے پیدا کی گئی۔ 2011 میں یہ کچھ وقت کے لیے دنیا کی سب سے تیز مرچ رہی۔

3. ٹرینیڈاڈ اسکورپین بچ ٹی مرچ (1,463,700 SHU)
یہ مرچ مسیسیپی میں بوچ ٹیلر نے تیار کی، مگر اس کے بیج ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو سے آئے۔ یہ اتنی تیز ہے کہ سانس کے مریضوں کے لیے خطرناک ہو سکتی ہے۔ خالی پیٹ کھانے پر الٹی بھی ہو سکتی ہے۔

2. ٹرینیڈاڈ مورُوگا اسکورپین مرچ (2,009,231 SHU)
یہ ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو کی مقامی مرچ ہے۔ پہلی بائٹ پر ذائقہ میٹھا لگتا ہے مگر فوراً شدید تیزی کا احساس ہوتا ہے جو کئی منٹ تک رہتا ہے۔ 2012 میں اسے دنیا کی سب سے تیز مرچ کا درجہ دیا گیا تھا۔

1. کیرولائنا ریپر مرچ (2,200,000 SHU)
2013 میں گنیز ورلڈ ریکارڈز نے اسے دنیا کی سب سے تیز مرچ قرار دیا اور آج بھی یہ ریکارڈ برقرار ہے۔ اسے ساؤتھ کیرولائنا کے ایڈ کرّی نے تیار کیا۔ عام طور پر اس کی پیمائش 1,641,183 SHU ہے، مگر زیادہ سے زیادہ تیزی بائیس لاکھ 2,200,000 SHU تک جا سکتی ہے۔ دنیا بھر میں مرچ کھانے کے مقابلوں میں یہ سب سے بڑا چیلنج سمجھی جاتی ہے۔

مستقبل کی دوڑ
سب سے تیز مرچ اگانے کی دوڑ ابھی ختم نہیں ہوئی۔ ایڈ کرّی دعویٰ کرتے ہیں کہ ان کی نئی مرچ “پیپر ایکس” 3,180,000 SHU کی تیزی رکھتی ہے، جو خالص کیپسائسن (16,000,000 SHU) کے قریب پہنچتی ہے۔ اس کی آزادانہ تصدیق ابھی باقی ہے۔