لبنان کے جنگ سے متاثرہ بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لیے عالمی بینک کی 25 کروڑ امریکی ڈالرزکی منظوری

عالمی بینک نے لبنان میں جنگ سے متاثرہ بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لیے 25 کروڑ امریکی ڈالرز کی منظوری دے دی ہے۔

یہ امداد 2023 اور 2024 میں اسرائیل کے ساتھ ہونے والی جنگ سے متاثرہ علاقوں میں اہم عوامی انفراسٹرکچر کی تعمیر نو اور ملبے کے انتظام میں مدد کے لیے فراہم کی جائے گی۔

عالمی بینک کے بیان کے مطابق، یہ فنڈنگ ‘لبنان ایمرجنسی اسسٹنس پراجیکٹ(LEAP)’ کے تحت دی گئی ہے، جو لبنان کی بحالی اور تعمیر نو کے عمل میں معاونت کرے گا۔

مشرقِ وسطیٰ کے لیے عالمی بینک کے ڈائریکٹر ژاں-کرسٹوف کارے نے کہا، چونکہ لبنان کو بڑے پیمانے پر تعمیر نو کی ضرورت ہے، اس لیے LEAP کو ایک ارب ڈالرز کے قابلِ توسیع فریم ورک کے طور پر ترتیب دیا گیا ہے، جس میں ابتدائی طور پر عالمی بینک کی جانب سے 250 ملین ڈالرز کی شراکت شامل ہے، اور اس میں اضافی فنڈز ، چاہے وہ گرانٹس ہوں یا قرضے ، کو ایک مربوط، شفاف، جوابدہ اور نتیجہ خیز حکومتی ڈھانچے کے تحت شامل کرنے کی گنجائش موجود ہے۔

یاد رہے کہ، حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان 14 ماہ جاری رہنے والی اس جنگ میں 4 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے، جب کہ لبنان کو بھاری مادی نقصان بھی اٹھانا پڑا۔ ملک کی تقریبا 10 فیصد رہائش گاہیں یعنی تقریبا1 لاکھ 63 ہزار گھر تباہ یا شدید متاثر ہوئے، جب کہ بنیادی ڈھانچے کو ایک ارب ڈالرز سے زائد کا نقصان پہنچا۔ لبنان اس سے قبل ہی کئی سالہ اقتصادی بحران سے گزر رہا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں