بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان نے کہا ہے کہ بنگلادیشی حکومت مزدوروں کے حقوق کے تحفظ، محفوظ کام کے ماحول اور بین الاقوامی لیبر معیارات کے نفاذ کو سب سے زیادہ اہمیت دیتی ہے۔
وزیراعظم طارق رحمان نے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن ، آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو سے ملاقات کی جہاں مزدوروں کے حقو ق سمیت مختلف امور پر بات چیت ہوئی۔ یہ ملاقات پیر کو بنگلہ دیش سیکریٹریٹ میں وزیراعظم کے دفتر میں ہوئی۔
ڈھاکا ٹریبیون کے مطابق، ملاقات کے آغاز پر آئی ایل او کے سربراہ نے طارق رحمان کو حکومت کی سربراہی سنبھالنے پر مبارک باد دی۔ گلبرٹ ہونگبو نے کہا کہ عوام کے براہ راست ووٹ سے منتخب حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد بنگلہ دیش پر عالمی اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایل او بنگلہ دیش کے ساتھ اپنی دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے اور لیبر شعبے کی ترقی کے لیے حکومت کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔
وزیراعظم طارق رحمان نے آئی ایل او کے مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مزدور دوست اور پائیدار کام کا ماحول یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
ملاقات میں مزدوروں کے تحفظ، اسکلز ڈویلپمنٹ، روزگار کے مواقع بڑھانے اور بدلتی ہوئی عالمی لیبر مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق ہنر مند افرادی قوت تیار کرنے پر بات چیت ہوئی۔ دونوں فریقین نے بنگلہ دیش کے ریڈی میڈ گارمنٹس شعبے، کام کی جگہوں کے تحفظ، غیر رسمی لیبر مارکیٹ کی بہتری اور بین الاقوامی لیبر معیارات پر عمل درآمد میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔
آئی ایل او کے سربراہ نے کہا کہ بنگلہ دیش کی موجودہ لیبر اصلاحات اور عالمی لیبر معیارات کے نفاذ کے عزم کو عالمی سطح پر مثبت انداز میں دیکھا جا رہا ہے۔
ملاقات میں تارکین کارکنوں کے حقوق اور فلاح و بہبود پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے محفوظ اور منظم مائیگریشن نظام قائم کرنے اور بیرون ملک جانے والے کارکنوں کی اسکلز بہتر بنانے کے لیے تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔
گلبرٹ ہونگبو نے بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ ڈاکٹر خلیل الرحمان کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81 ویں اجلاس کا صدر منتخب ہونے پر بھی وزیراعظم کو مبارک باد دی۔ انہوں نے اسے عالمی سطح پر بنگلہ دیش کی سفارتی صلاحیت اور ساکھ کا اہم اعتراف قرار دیا۔
آئی ایل او کے سربراہ نے مختصر عرصے میں موجودہ حکومت کی دیگر سفارتی کامیابیوں کو بھی سراہا۔
ملاقات میں بنگلہ دیش کے وزیر محنت و روزگار عارف الحق چوہدری، وزیراعظم کے مشیر مہدی امین، وزارت محنت و روزگار کے سیکریٹری محمد عبد الرحمان طرفدار، وزارت خارجہ کے اقوام متحدہ ونگ کے ڈائریکٹر جنرل محمد قمر الزمان، بنگلہ دیش میں آئی ایل او کے کنٹری ڈائریکٹر میکس ٹونون اور آئی ایل او ہیڈکوارٹر جنیوا کی سینئر مشیر ہیتومی ناکاگومے بھی موجود تھے۔
رپورٹ کے مطابق فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بنگلہ دیش میں لیبر اصلاحات کو آگے بڑھانے کے لیے حکومت اور آئی ایل او کے درمیان تعاون مزید مضبوط کیا جائے گا۔