میچ کے دوران لیونل میسی کی تبدیلی کی درخواست، کیا وہ ورلڈکپ کاحصہ رہیں گے؟

ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے انٹر میامی کے میجر لیگ سوکر میچ کے دوران خود میدان سے باہر جانے کی درخواست کر دی، جس کے بعد آئندہ فٹبال ورلڈ کپ میں ان کی شرکت کے حوالے سے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔

فلوریڈا میں فلاڈیلفیا یونین کے خلاف کھیلے گئے میچ میں انٹر میامی نے 4 کے مقابلے میں 6 گول سے کامیابی حاصل کی، تاہم سب کی توجہ میسی کی اچانک تبدیلی پر مرکوز رہی۔

38 سالہ میسی نے میچ کے 72 ویں منٹ میں کوچنگ اسٹاف کو اشارہ کیا کہ انہیں میدان سے باہر نکالا جائے۔ اس دوران وہ اپنی بائیں ٹانگ کے پچھلے حصے میں تکلیف محسوس کرتے دکھائی دیے، جس سے ہیم اسٹرنگ انجری کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

میسی 73 ویں منٹ میں میدان سے باہر آئے اور ان کی جگہ میٹیو سلویٹی کو شامل کیا گیا۔ میدان چھوڑنے کے بعد وہ سیدھا ڈریسنگ روم چلے گئے۔ ویڈیو مناظر میں دیکھا گیا کہ وہ بغیر کسی سہارے کے چل رہے تھے، تاہم ان کے چہرے پر تشویش نمایاں تھی۔

میسی نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران تقریباً تمام میچز مکمل وقت تک کھیلے تھے، اس لیے اچانک تبدیلی کی درخواست نے مداحوں کو پریشان کر دیا۔

انٹر میامی کے کوچ نے میچ کے بعد کہا کہ ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ میسی زخمی ہوئے ہیں یا نہیں۔ ان کے مطابق یہ ممکنہ طور پر احتیاطی اقدام تھا اور میدان کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے کوئی خطرہ مول نہیں لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ میسی کو تھکن محسوس ہو رہی تھی اور ٹیم جلد طبی رپورٹ حاصل کر لے گی۔

دوسری جانب ٹیم کے کھلاڑی میٹیو سلویٹی نے بھی کہا کہ انہیں اس بارے میں زیادہ معلومات نہیں، لیکن پوری ٹیم دعا گو ہے کہ معاملہ سنگین نہ ہو۔

میسی ماضی میں بھی ہیم اسٹرنگ مسائل کا شکار رہ چکے ہیں، جس کے باعث وہ کئی میچز سے باہر رہے تھے۔

ارجنٹائن کی ٹیم تین ہفتوں بعد ورلڈ کپ کیمپین کا آغاز کرے گی، اور میسی کی فٹنس ٹیم کے لیے انتہائی اہم سمجھی جا رہی ہے۔ ارجنٹائن اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا اور میسی سے ایک بار پھر قیادت کی توقع کی جا رہی ہے۔

ارجنٹائن کی ٹیم کا اعلان اگلے ہفتے متوقع ہے، جس کے بعد ٹیم امریکہ روانہ ہوگی جہاں ورلڈ کپ سے قبل دوستانہ میچز کھیلے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں