بنگلہ دیش اور سعودی عرب نے دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے، فوجی وفود کے باقاعدہ تبادلوں اور مشترکہ تربیت بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ بنگلہ دیش کے سرکاری خبر رساں ادارے بی ایس ایس کے مطابق سعودی سفیر ڈاکٹر عبداللہ ظافر بن عبیہ نے ڈھاکا میں وزیراعظم کے دفاعی مشیر بریگیڈیئر جنرل ریٹائرڈ ڈاکٹر اے کے ایم شمس الاسلام سے ملاقات کی۔
بنگلہ دیشی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات، دفاعی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے موجودہ فوجی اور تزویراتی شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات میں قدرتی آفات اور انسانی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تجربات اور فنی مہارت کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے اس شعبے میں مشترکہ تعاون بڑھانے کو اہم قرار دیا۔
بنگلہ دیش کے نیشنل ڈیفنس کالج اور ڈیفنس سروسز کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کے سعودی عرب کے اہم فوجی تربیتی اداروں کے ساتھ روابط اور تربیتی پروگرام بڑھانے پر بھی بات ہوئی۔ اس کا مقصد دونوں ممالک کی مسلح افواج کے افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔
سعودی سفیر نے بنگلہ دیش کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا، جبکہ بنگلہ دیشی دفاعی مشیر نے دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے وقت میں بنگلہ دیش اور سعودی عرب کے تعلقات مزید قریبی اور مضبوط ہوں گے۔