ازبکستان کے دو دیہات چون گارا اور تاش توبو کو کرغزستان کے حوالے کرنے کا باضابطہ عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
کرغزستان کے علاقے باتکن کی انتظامیہ کے مطابق یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان سرحدی حد بندی کے معاہدے کے تحت کیا جا رہا ہے، جس میں زمین کے تبادلے سے متعلق انتظامی اور تکنیکی امور شامل ہیں۔
اس سلسلے میں 24 جولائی کو کرغزستان کے ضلع کادامجے میں دونوں ممالک کے مشترکہ ورکنگ کمیشن کا اجلاس ہوا، جس میں تبادلے والے علاقوں کے رہائشیوں کی قانونی حیثیت، ممکنہ منتقلی، جائیداد اور دیگر معاملات پر بات چیت کی گئی۔
3 اگست کو دونوں ممالک کے مشترکہ ورکنگ گروپ نے علاقے کا دورہ کیا اور مقامی آبادی کو عمل سے متعلق معلومات فراہم کیں۔ اس گروپ کی قیادت کرغزستان کے باتکن ریجن کے فرسٹ ڈپٹی گورنر بختیبک توکسون بایوف اور ازبکستان کے محکمہ ہجرت و شخصی امور کے نائب سربراہ بہزاد سیف اللہ یف کر رہے ہیں۔
حکام کے مطابق چون گارا اور تاش توبو پہلے ازبکستان کے علاقے فرغانہ کا حصہ تھے، تاہم سرحدی حد بندی کے عمل کے دوران انہیں کرغزستان میں شامل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ان دونوں دیہات میں زیادہ تر نسلی کرغز آباد ہیں اور ابتدائی معلومات کے مطابق یہاں تقریباً 2 ہزار 500 افراد رہتے ہیں۔
فی الحال رہائشیوں کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے، جس کے بعد وہ کرغزستانی قانون کے مطابق شہریت حاصل کرنے کے مراحل مکمل کریں گے۔
معاہدے کے تحت کرغزستان ان دو دیہات کے بدلے ازبکستان کو سرحدی علاقے میں اسی رقبے کی زمین فراہم کرے گا۔