نیویارک کے میئر زہران ممدانی نے کہا ہے کہ وہ کئی برسوں سے پاکستانی گلوکار اور ریپر شمون اسماعیل کی موسیقی سن رہے ہیں۔
رولنگ اسٹون کو دیے گئے انٹرویو میں زہران ممدانی سے جب پوچھا گیا کہ وہ آج کل کون سی موسیقی سن رہے ہیں تو انہوں نے کہا کہ وہ یوگنڈا کے ڈوو ریڈیو اینڈ ویزل کو کافی سنتے رہے ہیں، جو ایک عرصے تک وہاں کے مقبول ترین فنکاروں میں شامل رہے۔
زہران ممدانی نے مزید کہا کہ وہ پاکستانی ریپر شمون اسماعیل کو بھی سنتے رہے ہیں اور گزشتہ چند برسوں سے ان کی موسیقی سے واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ ریفلیکٹیو موڈ میں ہوں تو کیسی مسگریوز بھی سنتے ہیں۔
ممدانی کی موسیقی کی پسند ان کے اپنے متنوع پس منظر سے بھی جڑی دکھائی دیتی ہے۔ وہ یوگنڈا میں پیدا ہوئے، ان کی والدہ بھارتی نژاد ہیں، جبکہ ان کی سیاسی اور سماجی شناخت نیویارک کی کثیر الثقافتی آبادی سے جڑی ہوئی ہے۔
پاکستانی گلوکار شمون اسماعیل اپنی الگ آواز، نرم دھنوں اور اردو، پنجابی اور انگریزی کے امتزاج کے باعث نوجوان سامعین میں خاص مقبولیت رکھتے ہیں۔
ان کے حالیہ گانوں میں “یوسڈ ٹو اِٹ”، “الون ٹوگیدر” اور “والیوم” شامل ہیں، جنہیں ہزاروں بار اسٹریم کیا جا چکا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ ممدانی نے برصغیر کی موسیقی سے اپنی وابستگی ظاہر کی ہو۔ اس سے پہلے ان کی کامیابی کی تقریر کے بعد “دھوم مچالے” چلائے جانے کا منظر بھی سوشل میڈیا پر خاصا زیر بحث رہا تھا۔
ممدانی ماضی میں ٹیلر سوئفٹ، جے زی، کم پیٹراس اور بھارتی نژاد امریکی ریپر ہیمانشو سوری، المعروف ہیمز، کو بھی پسند کرنے کا ذکر کر چکے ہیں۔