پیرس میں جاری یورپ کی بڑی سیاحتی نمائش آئی ایف ٹی ایم ٹاپ ریزا 2026 میں ازبکستان نے اپنی نئی بین الاقوامی سیاحتی حکمتِ عملی پیش کردی، جہاں ازبکستان کو اعزازی ملک کے طور پر خصوصی مقام دیا گیا ہے۔
نمائش میں ازبکستان کے وفد کی قیادت صدارتی انتظامیہ کے تخلیقی معیشت اور سیاحت کے شعبے کی سربراہ اور ازبکستان آرٹ اینڈ کلچر ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن گیانے اومیرووا نے کی۔
نمائش میں ازبکستان کی خصوصی توجہ کا مرکز قومی پویلین ہے، پویلین کے ڈیزائن میں قدرتی لکڑی، روایتی نقش و نگار اور تزئینی عناصر کو جدید طرزِ تعمیر اور سہولیات کے ساتھ یکجا کیا گیا ہے۔
منتظمین کے مطابق پویلین کا مقصد ازبکستان کی صدیوں پر محیط ثقافتی تاریخ کے ساتھ ساتھ ملک کے موجودہ جدید اور متحرک تشخص کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔
قومی پویلین میں کاروباری اور ثقافتی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے، جہاں ازبکستان کی سیاحتی صنعت سے وابستہ نمائندے بین الاقوامی ٹور آپریٹرز، ایئرلائنز اور ہوٹل کمپنیوں کے ساتھ ملاقاتیں کر رہے ہیں، جبکہ غیر ملکی مہمانوں کو ازبک ثقافت، روایات اور ملک کی منفرد شناخت سے بھی روشناس کرایا جا رہا ہے۔
گیانے اومیرووا کا کہنا ہے کہ آج ازبکستان کے لیے ضروری ہے کہ وہ عالمی سطح پر ایسا تشخص پیش کرے جو نہ صرف اس کے تاریخی ورثے کی عکاسی کرے بلکہ ملک میں جاری ترقی کے عمل کو بھی نمایاں کرے۔
ان کے مطابق ثقافت اور سیاحت ایک ہی نظام کا حصہ ہیں، جو مقامی شناخت کے تحفظ، علاقائی ترقی اور بین الاقوامی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ازبکستان کا کہنا ہے کہ آئی ایف ٹی ایم ٹاپ ریزا میں شرکت کے ذریعے دنیا کے سامنے ایک ایسا جدید اور متحرک ازبکستان پیش کیا جا رہا ہے جو اپنی ثقافتی جڑوں سے مضبوطی سے جڑا ہوا ہے۔
حکام کے مطابق اس نمائش کے لیے تیار کیا گیا نیا پویلین ڈیزائن اور اس کا تصور مستقبل میں دیگر بین الاقوامی سیاحتی نمائشوں میں ازبکستان کے قومی پویلینز کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا۔
دوسری جانب فرانسیسی سیاحوں میں بھی ازبکستان کی مقبولیت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ 2025 میں تقریباً 29 ہزار 600 فرانسیسی سیاحوں نے ازبکستان کا رخ کیا، جبکہ 2026 کے پہلے پانچ ماہ کے دوران یہ تعداد تقریباً 15 ہزار تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 1.3 گنا زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ آئی ایف ٹی ایم ٹاپ ریزا یورپ میں سیاحتی صنعت کے لیے اہم کاروباری نمائشوں میں شمار ہوتی ہے۔ اس کا آغاز 1979 میں ڈیویل میں ہوا تھا، جبکہ 2008 سے یہ نمائش پیرس میں منعقد کی جا رہی ہے۔ رواں سال منتظمین کو تقریباً 34 ہزار افراد کی شرکت کی توقع ہے۔