ازبکستان میں وسطی اور جنوبی ایشیا کے روابط پر دوسرے ‘ترمذ ڈائیلاگ’ کا آغاز 4 جون سے ہوگا

ازبکستان میں وسطی اور جنوبی ایشیا کے درمیان روابط کے فروغ سے متعلق دوسرا ‘ترمذ ڈائیلاگ’ 4 سے 6 جون تک منعقد ہوگا، جس میں مختلف ممالک کے حکومتی نمائندے، بین الاقوامی تنظیموں کے عہدیدار اور ماہرین شرکت کریں گے۔

رپورٹس کے مطابق اس مکالمے کا موضوع “امن، روابط اور خوشحالی: فلاح و بہبود کی مشترکہ فضا کی تعمیر” رکھا گیا ہے۔

اس اجلاس میں افغانستان، وسطی و جنوبی ایشیا، یورپ اور دیگر خطوں سے تعلق رکھنے والے سرکاری حکام، بین الاقوامی اداروں اور تحقیقی مراکز کے نمائندے شریک ہوں گے۔

مذاکرات میں علاقائی روابط کو مضبوط بنانے، سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے اور افغانستان کے ساتھ تعاون کو وسعت دینے جیسے اہم موضوعات پر غور کیا جائے گا۔

اجلاس کے دوران شرکا ‘ایریتوم بین الاقوامی تجارتی مرکز’، ‘ترمذ کارگو لاجسٹکس سینٹر’ اور علاقے کے تاریخی و ثقافتی مقامات کا بھی دورہ کریں گے۔

کانفرنس کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا، جس میں باہمی اعتماد کے فروغ، تعمیری تعاون کے استحکام اور وسطی و جنوبی ایشیا کے درمیان پائیدار روابط کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں