ازبکستان اور ترکیہ کا جامع اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں ممالک کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری، دوطرفہ تجارت، مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں اور ثقافتی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلۂ خیال کیا ہے۔

ازبک صدارتی دفتر کے مطابق ترک صدر رجب طیب ایردوان نے صدر شوکت مرزائیوف کو ان کی سالگرہ پر مبارک باد دی اور ان کی اچھی صحت اور ریاستی ذمہ داریوں میں مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اطمینان ظاہر کیا کہ ازبکستان اور ترکیہ کے تعلقات جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک پہنچ چکے ہیں اور سیاسی، اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

گفتگو کے دوران دوطرفہ تجارت میں اضافے، مشترکہ کاروباری اداروں کی بڑھتی تعداد، دونوں ممالک کے درمیان باقاعدہ فضائی پروازوں میں توسیع اور اہم مشترکہ منصوبوں پر کامیاب عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔

دونوں صدور نے اعلیٰ سطح پر طے پانے والے معاہدوں کے تحت بڑے منصوبوں اور آئندہ اہداف کو مشترکہ طور پر آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

صدر مرزائیوف اور صدر ایردوان نے ثقافتی اور انسانی تعاون کی پیش رفت کو بھی سراہا۔

اس موقع پر ترکیہ کے صوبہ ہاتائے میں ازبکستان سے منسوب مقامات کے افتتاح اور نمنگان میں منعقدہ بین الاقوامی مقام آرٹ فیسٹیول اور اسلامی تہذیب فورم میں ترکیہ کے اعلیٰ سطح وفد کی شرکت کا ذکر کیا گیا۔

گفتگو کے اختتام پر صدر شوکت مرزائیوف نے ترک صدر رجب طیب ایردوان کو سرکاری دورے پر ازبکستان آنے کی دعوت دی۔

ازبک صدارتی دفتر کے مطابق دونوں ممالک کے رہنما باہمی تعاون کے بڑے منصوبوں اور اعلیٰ سطح معاہدوں پر عمل درآمد کو مزید تیز کرنے کے خواہاں ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں