ازبکستان کے صوبہ ناوئی کے گورنر نورمت تورسنوف کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن (پی ٹی اے) کا دورہ کیا، جہاں ان کا استقبال چیئرمین پی ٹی اے سینٹرل حمید ظہور، چیئرمین ساؤتھ زون ڈاکٹر دانش امان اور دیگر عہدیداران نے کیا۔
ملاقات کے دوران حمید ظہور نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی چمڑے کی صنعت ازبکستان کے لائیو اسٹاک وسائل سے فائدہ اٹھا سکتی ہے، جبکہ پاکستانی مصنوعات جیسے لیدر گارمنٹس، جوتے، بیگز اور دستانوں کے لیے ازبک مارکیٹ میں وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ازبکستان، پاکستان کے لیے وسطی ایشیائی ریاستوں اور روس تک رسائی کا ایک اہم ذریعہ بن سکتا ہے، اور اس مقصد کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مسلسل رابطے اور وفود کے تبادلے ضروری ہیں۔
گورنر نورمت تورسنوف نے ناوئی ریجن میں سرمایہ کاری کے مواقع اور کاروبار دوست ماحول پر روشنی ڈالی، اور بتایا کہ وہاں موجود لائیو اسٹاک وسائل پاکستان کی چمڑے کی صنعت کے لیے مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔
اس موقع پر پاکستان میں ازبکستان کے سفیر علی شیر تختیوف نے بتایا کہ لاہور اور اسلام آباد سے تاشقند کے لیے فی الحال ہفتے میں چھ پروازیں چل رہی ہیں، جبکہ 2026 میں کراچی سے بھی ہفتہ وار دو پروازیں شروع کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے پی ٹی اے کے اراکین کو ازبکستان کے دورے کی دعوت دی اور یقین دہانی کرائی کہ سفارت خانہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔