ازبکستان میں بڑی بینک ٹرانزیکشنز اور غیر ملکی کرنسی نکالنے پر سخت نگرانی کا فیصلہ

ازبکستان نے اگست سے بڑے مالی لین دین اور غیر ملکی کرنسی کی نقد رقم نکالنے کے عمل پر سخت نگرانی نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

حکام کے مطابق یہ اقدامات منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی مالی معاونت اور خطرناک ہتھیاروں کی ممکنہ ترسیل روکنے کے لیے متعارف کرائے گئے نئے ضوابط کا حصہ ہیں۔

نئے قوانین کے تحت 9 اگست سے کمرشل بینک اُن صارفین کی لازمی جانچ کریں گے جو بڑی رقوم ایک بار یا ایک دوسرے سے منسلک ٹرانزیکشنز کے ذریعے منتقل کریں گے۔

قواعد کے مطابق اگر کوئی شخص بینک کاؤنٹر سے دوسرے بینک کے کارڈ کے ذریعے 500 بی سی اے (تقریباً 20 کروڑ 60 لاکھ سوم) یا اس سے زائد غیر ملکی کرنسی نقد نکلواتا ہے تو اس کی مکمل تصدیق کی جائے گی۔

اسی طرح اگر کوئی فرد بینک اکاؤنٹ استعمال کیے بغیر 17 کروڑ 50 لاکھ سوم یا اس سے زیادہ رقم کی ٹرانزیکشن کرے گا تو وہ بھی خصوصی نگرانی میں آئے گا۔

مزید یہ کہ 25 بی سی اے (تقریباً 1 کروڑ 3 لاکھ سوم) یا اس سے زائد گھریلو الیکٹرانک ٹرانسفرز پر بھی بھیجنے اور وصول کرنے والے دونوں فریقین کی مکمل معلومات بینکوں کے درمیان شیئر کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد مالی نظام کو زیادہ شفاف اور محفوظ بنانا ہے تاکہ غیر قانونی مالی سرگرمیوں کی روک تھام کی جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں