پاکستان اور ازبکستان نے علاقائی روابط کے فروغ کے لیے ریلوے کے شعبے میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے اسلام آباد میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی اور پاکستان میں ازبکستان کے سفیر علی شیر تختیوف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ہوا۔
ملاقات کے دوران وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ازبکستان، افغانستان اور پاکستان ریلوے راہداری منصوبے کو ایک تاریخی منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ علاقائی تجارت، اقتصادی انضمام اور باہمی روابط کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
ازبک سفیر علی شیر تختیوف نے ریلوے کے شعبے سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے میں ازبکستان کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
دونوں فریقوں نے اس بات پر زور دیا کہ مشترکہ ریلوے منصوبے خطے میں تجارتی سرگرمیوں کو بڑھانے اور وسطی و جنوبی ایشیا کے درمیان رابطوں کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔