فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول 2026 کے میچز کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق ایونٹ کی افتتاحی ایڈیشن 24 اکتوبر سے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں شروع ہوگی۔ اس منفرد عالمی مقابلے میں دنیا بھر کی 191 فیفا رکن ایسوسی ایشنز کی انڈر 15 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔
پاکستان کو گروپ اے ڈی میں قبرص، گیمبیا، اردن، نائجیریا اور جنوبی سوڈان کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ قومی انڈر 15 ٹیم ابتدائی مرحلے میں تین دن کے دوران پانچ میچز کھیلے گی۔
پاکستان اپنا پہلا میچ 24 اکتوبر کو گیمبیا کے خلاف پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر ساڑھے 3 بجے کھیلے گا۔ 25 اکتوبر کو پاکستان کے دو میچز ہوں گے، پہلے جنوبی سوڈان کے خلاف دوپہر ایک بج کر 45 منٹ پر جبکہ اسی روز رات ساڑھے 8 بجے قبرص کے خلاف میدان میں اترے گا۔
پاکستان 26 اکتوبر کو بھی دو میچز کھیلے گا۔ پہلے میچ میں اردن کے خلاف دوپہر ساڑھے 12 بجے جبکہ دوسرے میں نائجیریا کے خلاف شام 7 بج کر 15 منٹ پر مقابلہ ہوگا۔
ایونٹ میں وسطی ایشیا کی بھی نمایاں نمائندگی ہے۔ ازبکستان اور قازقستان کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے، جہاں دونوں ٹیمیں گھانا، گوآم، بہاماس اور میانمار کے ساتھ گروپ ڈبلیو میں مقابلہ کریں گی۔ قازقستان فٹبال فیڈریشن نے بھی اپنی انڈر 15 ٹیم کی ایونٹ میں شرکت کی تصدیق کی ہے۔
تاجکستان بھی ٹورنامنٹ کا حصہ ہے اور گروپ ای میں بارباڈوس، چلی، کانگو، کویت اور اسپین کے ساتھ شامل ہے۔ یوں وسطی ایشیائی خطے سے متعدد نوجوان ٹیموں کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں آزمانے کا موقع ملے گا۔
فیفا کے مطابق ابتدائی مرحلے میں ٹیمیں راؤنڈ رابن بنیاد پر چار سے پانچ میچز کھیلیں گی، جس کے نتائج کی بنیاد پر انہیں دوسرے مرحلے کے چھ مختلف ٹائرز میں تقسیم کیا جائے گا۔ دوسرے مرحلے میں بھی ہر ٹیم مزید چار سے پانچ میچز کھیلے گی اور کوئی ٹیم ابتدائی نتائج کی بنیاد پر ایونٹ سے باہر نہیں ہوگی۔
ٹورنامنٹ میں 8 کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیمیں 40 منٹ کے میچز کھیلیں گی، جن میں 20، 20 منٹ کے دو ہاف شامل ہوں گے۔ تقریباً ایک ہزار میچز باکو کے ہووسان کمپلیکس میں کھیلے جائیں گے، جبکہ مختلف ٹائرز کے فائنلز کرسٹل ہال میں ہوں گے۔
ہر ٹائر کی فاتح ٹیم کو چیمپئن قرار دیا جائے گا، تاہم ٹائر اے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول 2026 کی مجموعی چیمپئن بنے گی۔ ایونٹ 30 اکتوبر کو اختتام پذیر ہوگا۔