فٹبال ورلڈکپ 2026 کی میزبان ٹیم امریکا نے اپنے پہلے میچ میں پیراگوئے کو 1-4 سے شکست دے کر شاندار آغاز کیا ہے۔ یہ میچ لاس اینجلس میں کھیلا گیا جہاں میزبان ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھائی۔
امریکی ٹیم کے لیے یہ مقابلہ تاریخی بھی ثابت ہوا کیونکہ اس نے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میچ میں 4 گول کیے۔ اس کے ساتھ ہی اسٹرائیکر فالرین بالوگن 2 گول کر کے میچ کے ہیرو قرار پائے۔
امریکا نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور ساتویں منٹ میں برتری حاصل کر لی، جب پیراگوئے کے ایک کھلاڑی کی غلطی سے گیند خود ہی گول میں چلی گئی۔ اس کے بعد امریکی اسٹار کھلاڑی کرسچین پولیسک نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے بالوگن کو گول کا موقع فراہم کیا، جس نے درست نشانے کے ساتھ گیند جال میں پہنچا دی۔
پہلے ہاف کے اختتام سے قبل بالوگن نے ایک اور گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری 0-3 کر دی، جس کے بعد میچ کا نتیجہ تقریباً واضح ہو گیا۔
دوسرے ہاف میں پیراگوئے کی ٹیم نے بہتر کھیل پیش کیا اور 73ویں منٹ میں ایک گول کر کے خسارہ کم کیا، تاہم امریکا نے دوبارہ کھیل پر کنٹرول حاصل کر لیا۔
میچ کے آخری لمحات میں جیوانی رینا نے شاندار گول کر کے اسکور 1-4 کر دیا اور امریکا کی فتح کو یقینی بنا دیا۔
میچ کے دوران امریکی ٹیم کے لیے تشویش اس وقت پیدا ہوئی جب کرسچین پولیسک کو ہاف ٹائم پر انجری کے باعث میدان سے باہر لے جایا گیا۔ کوچ کے مطابق ان کی پنڈلی میں تکلیف محسوس ہوئی، تاہم امید ظاہر کی گئی ہے کہ وہ اگلے میچ تک فٹ ہو جائیں گے۔
لاس اینجلس کے اسٹیڈیم میں ہزاروں شائقین نے میچ دیکھا جبکہ ہالی وڈ کی معروف شخصیات بھی موجود تھیں۔ بھاری ٹکٹ قیمتوں کے باوجود اسٹیڈیم تقریباً مکمل طور پر بھرا ہوا تھا۔ شائقین نے امریکی ٹیم کی شاندار کارکردگی پر بھرپور خوشی کا اظہار کیا اور میچ کے دوران اسٹیڈیم ’’امریکا امریکا‘‘ کے نعروں سے گونجتا رہا۔
امریکا کا اگلا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا، جبکہ پیراگوئے کی ٹیم اپنے اگلے میچ میں اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی کوشش کرے گی۔
الجزیرہ کے مطابق، 23 سالہ الیکس سالدیوار، جو امریکی پرچم میں ملبوس تھے، میچ کے بعد اپنی خوشی چھپا نہ سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے ملک میں ورلڈ کپ کا میچ دیکھنا اور اس میں امریکی ٹیم کی فتح کا مشاہدہ کرنا ایک خواب پورا ہونے جیسا ہے۔