امریکی سفارتخانے میں فیفا ورلڈکپ کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد، ازبک سفیر علی شیر تختیوف کی شرکت

اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے اور پاکستان فٹبال فیڈریشن کی جانب سے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لانچنگ کے سلسلے میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شریک ہوئیں۔ اس موقع پر پاکستان میں تعینات ازبکستان کے سفیر علی شیر تختیوف بھی موجو دتھے۔

تقریب میں امریکی ناظم الامور نتالی اے بیکر اور پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ شرکا میں وفاقی وزرا، سفارتکار، کھلاڑی اور مختلف بین الاقوامی کمپنیوں کے نمائندے شامل تھے۔

تقریب کے دوران ازبکستان کی قومی فٹبال ٹیم کے پہلی مرتبہ فیفا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر خوشی اور ازبک سفیر کو مبارکباد کے پیغامات کا تبادلہ بھی ہوا۔ فیفا ورلڈ کپ 2026 11 جون سے 19 جولائی تک امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہوگا۔

ازبکستان کی ٹیم پلے آف مرحلے میں پرتگال، کولمبیا اور کانگو کی ٹیموں کے خلاف مقابلہ کرے گی۔

تقریب میں شریک پاکستانی شخصیات نے ازبکستان کی اس تاریخی کامیابی کو سراہتے ہوئے ازبک فٹبال ٹیم اور اس کے کھلاڑیوں کی کارکردگی کی تعریف کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

شرکا کا کہنا تھا کہ فٹبال دنیا بھر کے لوگوں کو قریب لانے، دوستی کو فروغ دینے اور مختلف قوموں کے درمیان روابط مضبوط بنانے کا اہم ذریعہ ہے۔ ساتھ ہی اس امید کا اظہار بھی کیا گیا کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 عالمی سطح پر کھیلوں کا ایک بڑا جشن ثابت ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں