امریکی ڈرون کمپنی ’پاور یو ایس‘ کا پاکستان فوج کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط اور ابتدائی آرڈر ملنے کا دعویٰ

امریکی ڈرون ساز کمپنی ’پاور یو ایس‘ نے کہا ہے کہ اس نے پاکستان فوج کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں اور اس کے تحت بغیر پائلٹ فضائی نظام سے متعلق ایک ابتدائی آرڈر بھی حاصل کیا ہے۔ کمپنی کے شریک بانی بریٹ ویلیکووچ نے رائٹرز کو بتایا کہ معاہدے کی ٹیکنالوجی اور مالیت کی تفصیلات سکیورٹی اور رازداری کی وجوہات کے باعث ظاہر نہیں کی جا رہیں۔

’پاور یو ایس‘ فضائی اور بحری ڈرونز سمیت دفاعی اور اہم انفراسٹرکچر سے متعلق ٹیکنالوجی فراہم کرتی ہے۔ کمپنی کے مطابق مفاہمتی یادداشت کے تحت حاصل ہونے والا ابتدائی آرڈر ’بغیر پائلٹ فضائی نظام‘ کے زمرے سے متعلق ہے، تاہم اس کی نوعیت اور تعداد سامنے نہیں لائی گئی۔

دوسری جانب آئی ایس پی آر نے تصدیق کی ہے کہ ’پاور یو ایس‘ کے وفد نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دفاعی ٹیکنالوجی کے نئے رجحانات، دفاعی خریداری، پیداوار اور استعدادِ کار بڑھانے کے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر بات ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں مفاہمتی یادداشت یا ابتدائی آرڈر کا ذکر نہیں کیا گیا ۔ پاکستانی فوج نے البتہ دونوں فریقوں کے درمیان دفاعی خریداری اور طویل مدتی تعاون پر بات چیت کی تصدیق کی ہے۔

کمپنی کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ مستقبل میں امریکا اور پاکستان کے درمیان مشترکہ دفاعی ٹیکنالوجی منصوبوں اور پاکستان میں ٹیکنالوجی کی تیاری کے امکانات بھی زیرِ غور ہیں۔ بریٹ ویلیکووچ کے مطابق مقصد امریکی اور پاکستانی ٹیکنالوجی کو یکجا کرتے ہوئے طویل مدتی شراکت داری قائم کرنا ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان اور امریکا دفاعی، اقتصادی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات تلاش کر رہے ہیں، جبکہ حالیہ مہینوں میں دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں