امریکا کا بنگلہ دیش کے صحت کے شعبے کے لیے 24 لاکھ ڈالر کی معاونت کا اعلان

امریکا نے بنگلہ دیش کو زچہ، نومولود اور بچوں کی صحت کی خدمات بہتر بنانے کے لیے 24 لاکھ ڈالر مالیت کا طبی سامان اور ضروری اشیا فراہم کی ہیں۔ امریکی سفارتخانے کے مطابق اس معاونت کا مقصد ملک بھر میں صحت کے نظام کو مضبوط بنانا اور معیاری طبی سہولیات تک رسائی بڑھانا ہے۔

بنگلہ دیش کے سرکاری خبر رساں ادارے بی ایس ایس کے مطابق امریکی سفیر برینٹ ٹی کرسٹنسن نے پنچ گڑھ ڈسٹرکٹ ہسپتال میں زچہ و نومولود بچوں کی نگہداشت سے متعلق تربیتی ماڈلز سول سرجن ڈاکٹر محمد میزان الرحمٰن کے حوالے کیے۔ یہ اقدام امریکا کی جانب سے فراہم کی جانے والی وسیع طبی معاونت کا حصہ ہے۔

امریکی تعاون میں نومولود بچوں کے لیے وارمرز، سانس کی معاونت کا سامان، شدید غذائی قلت کے شکار بچوں کے لیے خصوصی غذائی اشیا اور ویکسین کو مؤثر حالت میں رکھنے کے لیے درکار سامان شامل ہے۔

امریکی سفارتخانے کے مطابق یہ طبی سامان بنگلہ دیش کے مختلف ہسپتالوں اور صحت مراکز تک پہنچایا جا رہا ہے، جن میں دور دراز اور مشکل رسائی والے علاقے بھی شامل ہیں۔ اس کام میں ایف ایچ آئی 360، جھپیگو، جے ایس آئی اور یونیسیف جیسے شراکت دار ادارے معاونت کر رہے ہیں۔

امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ اس معاونت کے ذریعے بنگلہ دیش میں زچہ، نومولود اور بچوں کے لیے معیاری طبی سہولیات میں بہتری لانے کے ساتھ صحت کے مجموعی نظام کو بھی مضبوط بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

سفارتخانے نے مزید کہا کہ یہ تعاون امریکا کی عالمی صحت حکمت عملی کے تحت عملی شراکت داری کا حصہ ہے، جس کا مقصد صحت کے نظام کو بہتر بنانا اور جدید طبی سہولیات کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں