روس میں 8.8 شدت زلزلے کے بعدجاپان میں شدید سونامی کےخطرے کے پیش نظر 19 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق، ان افراد میں سے تقریبا ساڑھے 10 ہزار صرف شمالی جزیرے ہوکائیڈو میں موجود ہیں، جہاں مقامی میڈیا کی فوٹیج میں لوگوں کو عمارتوں کی چھتوں پر پناہ لیتے دیکھا جا سکتا ہے۔
جاپانی حکام نے مشرقی ساحلی علاقوں میں رہنے والوں کو فوری طور پر بلند مقامات کی جانب منتقل ہونے کی ہدایات دی ہیں۔ ملک کے بحرالکاہل سے متصل ساحلی علاقوں میں درجنوں سونامی لہروں کا مشاہدہ کیا گیا ہے، اور انخلا کے احکامات ہوکائیڈو سے لے کر جنوبی واکایاما تک کے وسیع علاقے میں نافذ کیے گئے ہیں۔
جاپان کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ، سونامی کی بعض لہریں تین میٹر تک بلند ہو سکتی ہیں، جو ساحلی آبادیوں کے لیے شدید خطرہ بن سکتی ہیں۔ حکام نے عوام پر زور دیا ہے کہ، وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں اور فوری طور پر محفوظ پناہ گاہوں کی جانب نقل مکانی کریں۔