بیرون ممالک سے ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک اور ایف آئی آر درج کی جائے گی، وزارت داخلہ

پاکستان کے دارالحکومت،اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ، محسن نقوی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ، بیرون ملک سے ڈی پورٹ ہو کر پاکستان واپس آنے والے افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی اور ان کے پاسپورٹ منسوخ کر دیے جائیں گے۔

اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ، طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے اور ڈی جی پاسپورٹ بھی شریک تھے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ، اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ، ڈی پورٹ ہونے والے افراد کے نام آئندہ پانچ برس کے لیے پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ اجلاس میں پاسپورٹ قوانین کو مزید سخت اور مؤثر بنانے کے لیے سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اجلاس کے دوران کہا کہ، بیرون ملک سے ڈی پورٹ ہو کر آنے والے افراد پاکستان کے لیے عالمی سطح پر بدنامی کا باعث بنتے ہیں اور آئندہ ایسے افراد کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں