“دی اوڈیسی” کا باکس آفس پر زبردست آغاز، بھارت میں پہلے دن 17.4 کروڑ روپے کما لیے

کرسٹوفر نولن کی نئی آئی میکس فلم “دی اوڈیسی” نے ریلیز کے پہلے ہی دن باکس آفس پر زبردست آغاز کیا ہے۔ قدیم یونانی شاعر ہومر کی مشہور کہانی سے ماخوذ اس فلم میں میٹ ڈیمن، این ہیتھوے، رابرٹ پیٹنسن، ٹام ہالینڈ اور زندایا جیسے بڑے اداکار شامل ہیں۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق، فلم نے بھارت میں پہلے دن 17.4 کروڑ روپے نیٹ کلیکشن کیا، جبکہ اس کا گراس کلیکشن 20.76 کروڑ روپے رہا۔ رپورٹ کے مطابق دی اوڈیسی نے بھارت میں کرسٹوفر نولن کی آسکر یافتہ فلم “اوپن ہائمر” سے بہتر آغاز کیا ہے۔ اوپن ہائمر نے بھارت میں پہلے دن 14.5 کروڑ روپے نیٹ کمائے تھے۔

بھارت میں دی اوڈیسی کی سب سے زیادہ کمائی انگلش ورژن سے ہوئی، جس نے پہلے دن 13.75 کروڑ روپے کمائے۔ ہندی ورژن نے 1.90 کروڑ روپے، تیلگو ورژن نے 1.10 کروڑ روپے اور تمل ورژن نے 65 لاکھ روپے کا بزنس کیا۔

رپورٹ کے مطابق دی اوڈیسی پہلی فیچر فلم ہے جسے مکمل طور پر آئی میکس کیمروں سے شوٹ کیا گیا ہے۔

بھارت میں انگلش آئی میکس 2 ڈی ورژن کی مجموعی آکوپنسی 79.7 فیصد رہی۔ صبح کے شوز میں آکوپنسی 73.86 فیصد، دوپہر میں 75.14 فیصد، شام میں 82.43 فیصد اور رات کے شوز میں 74.57 فیصد رہی۔ ممبئی میں آئی میکس کے سب سے زیادہ 50 شوز ہوئے، جہاں آکوپنسی 70 فیصد رہی۔ دہلی میں 46 شوز ہوئے، مگر وہاں آکوپنسی زیادہ یعنی 77.8 فیصد رہی۔

فلم نے عالمی باکس آفس پر بھی مضبوط آغاز کیا ہے۔ ڈیڈ لائن کے مطابق شمالی امریکا میں جمعرات کی رات پری ویوز سے دی اوڈیسی نے 17.6 ملین ڈالر کمائے۔ یہ اس سال کا سب سے بڑا پری ویو اوپننگ نمبر بتایا جا رہا ہے، جس نے ٹوائے اسٹوری 5 کے 17.5 ملین ڈالر پری ویوز کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

نولن کی اوپن ہائمر نے سال 2023 میں پری ویوز سے 10.5 ملین ڈالر کمائے تھے۔ دی اوڈیسی شمالی امریکا میں اوپننگ ویک اینڈ پر تقریباً 117 ملین ڈالر تک جا سکتی ہے۔

بھارت میں مضبوط آغاز کے باوجود دی اوڈیسی ابھی ہالی ووڈ کی سب سے بڑی اوپننگ فلموں سے پیچھے ہے۔

ایوینجرز: اینڈ گیم نے بھارت میں پہلے دن 53.6 کروڑ روپے، اوتار: دی وے آف واٹر نے 40.3 کروڑ روپے، اسپائیڈر مین: نو وے ہوم نے 32.67 کروڑ روپے اور ایوینجرز: انفینٹی وار نے 31.3 کروڑ روپے کمائے تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں