پاکستان میں محکمہ موسمیات نے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران ملک بھر میں شدید گرمی کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آج سے 12 جون تک ملک کے بیشتر علاقوں میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
بیان کے مطابق اسلام آباد، سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر کے علاقوں میں آئندہ دنوں میں شدید گرمی پڑے گی۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ دادو میں 47، نوابشاہ میں 46، ملتان، سرگودھا اور حیدرآباد میں 42، لاہور اور پشاور میں 40، اسلام آباد اور مظفرآباد میں 39، جبکہ کراچی، کوئٹہ اور گلگت میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ غیرمعمولی گرمی کے باعث میدانی علاقوں میں گرد و غبار اور تیز ہوائیں چلنے کا بھی خدشہ ہے۔