انگلش فٹبال کلب مانچسٹر سٹی نے تصدیق کی ہے کہ ٹیم کے کپتان برنارڈو سِلوا رواں سیزن کے اختتام پر کلب کو خیرباد کہہ دیں گے۔
کلب کی جانب سے اعلان کے بعد برنارڈو سلوا نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے 9 سالہ سفر کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ کلب میں آئے تو ایک بچے کے خواب کی تکمیل چاہتے تھے، مگر اس شہر اور کلب نے انہیں اس سے کہیں زیادہ دیا، جتنا وہ کبھی سوچ بھی نہیں سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے ساتھ جیتی گئی کامیابیاں ان کے دل میں ہمیشہ زندہ رہیں گی، جن میں سینچورینز، ڈومیسٹک کواڈروپل، ٹریبل اور مسلسل چار لیگ ٹائٹلز شامل ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ چند ماہ بعد وہ اس شہر کو الوداع کہیں گے جہاں نہ صرف انہوں نے فٹبال میں کامیابیاں حاصل کیں بلکہ اپنی ازدواجی زندگی اور خاندان کی بنیاد بھی رکھی۔ انہوں نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی غیر مشروط حمایت کو وہ کبھی نہیں بھولیں گے اور ان کی کوشش ہمیشہ یہی رہی کہ وہ ایسے کھیلیں کہ شائقین کو ان پر فخر ہو۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کلب، کوچ پیپ گارڈییولا، عملے اور ساتھی کھلاڑیوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ٹریننگ گراؤنڈ کا ماحول انہیں ہمیشہ گھر جیسا محسوس ہوا۔
دوسری جانب مانچسٹر سٹی نے اپنے بیان میں برنارڈو سلوا کو کلب کی تاریخ کے بہترین اور مقبول ترین کھلاڑیوں میں سے ایک قرار دیا اور کہا کہ سیزن کے اختتام پر انہیں شاندار انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔
برنارڈو سلوا 2017 میں مانچسٹر سٹی میں شامل ہوئے اور اب تک 451 میچز کھیل چکے ہیں۔ 31 سالہ پرتگالی مڈفیلڈر نے کلب کے ساتھ مجموعی طور پر 19 بڑی ٹرافیاں جیتی ہیں جن میں چھ پریمیئر لیگ، ایک چیمپیئنز لیگ، دو ایف اے کپ، پانچ لیگ کپ، ایک کلب ورلڈ کپ، ایک یورپی سپر کپ اور تین کمیونٹی شیلڈ شامل ہیں۔
انہوں نے اپنی انیسویں ٹرافی گزشتہ ماہ اس وقت جیتی جب مانچسٹر سٹی نے لیگ کپ کے فائنل میں آرسینل کو دو صفر سے شکست دی۔