سعودی عرب اور روس نے اپنے شہریوں کو ویزا کے بغیر ایک دوسرے کے ممالک میں داخلے کی اجازت دینے سے متعلق اہم معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اس معاہدے پر دستخط ریاض میں منعقد ہونے والے سعودی روسی انویسٹمنٹ اینڈ بزنس فورم کے دوران کیے گئے۔
تقریب میں سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور روسی نائب وزیرِ اعظم الیگزینڈر نوواک نے دونوں ممالک کی جانب سے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر سعودی وزیرِ توانائی اور سعودی روسی مشترکہ کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان بھی موجود تھے، جبکہ روس کی اعلیٰ حکومتی ٹیم نے بھی شرکت کی۔
اس معاہدے کے تحت سعودی اور روسی پاسپورٹ رکھنے والے شہری سیاحت، کاروباری دوروں اور خاندانی ملاقاتوں کے لیے ویزا فری سفر کرسکیں گے۔ یہ سہولت ایک کیلنڈر سال میں مجموعی طور پر 90 دن کے قیام کی اجازت فراہم کرے گی۔ تاہم ورک، تعلیم، مستقل رہائش یا حج کے لیے ویزا لینا بدستور ضروری ہوگا۔
مزید برآں، کنگ عبدالعزیز فاؤنڈیشن اور روسی فیڈریشن کی وفاقی آرکائیوز ایجنسی کے درمیان بھی تعاون کا ایک معاہدہ طے پایا ہے۔ اس تعاون کے تحت دونوں ممالک آرکائیوز کے شعبوں میں تجربات کا تبادلہ، مشترکہ نمائشوں، سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد کریں گے، جبکہ متعلقہ لٹریچر کا تبادلہ بھی کیا جائے گا۔