سمرقند: تیمور کی دھرتی پر سیاحتی مقامات اور ان کی تاریخی اہمیت

ازبکستان کا دوسرا بڑا شہر سمرقند نہ صرف وسط ایشیا بلکہ پوری دنیا کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کا ایک عظیم خزانہ ہے۔ یہ شہر “روئے زمین کا جنت نظیر” اور “ثقافتوں کا سنگم”کہلاتا ہے۔ 2700 سال سے زیادہ پرانی تاریخ رکھنے والا یہ شہر اسلامی تعمیرات، سائنسی ترقی اور تجارتی رستوں (شاہراہ ریشم) کا اہم مرکز رہا ہے۔ آج بھی یہ شہر اپنے شاندار گنبدوں، خوبصورت مساجد اور قدیم مدرسوں کی وجہ سے دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی طرف کھینچتا ہے۔سمرقند صرف ایک شہر نہیں، ایک تہذیب ہے!سمرقند کی زمین پیغمبروں، علماء، فاتحوں اور تاجروں کی قدم بوسی کر چکی ہے۔ یہاں کی ہر اینٹ میں تاریخ بولتی ہے، اور ہر گلی میں روحانیت کی خوشبو بسی ہوئی ہے ۔ سمرقند تاریخ کا ایک زندہ باب ہے۔ یہاں کی عمارتیں، بازار اور لوگ آپ کو صدیوں پرانی داستانیں سناتے ہیں۔ اگر آپ تاریخ، ثقافت اور خوبصورت مناظر سے محبت کرتے ہیں،توسمرقندآپ کے لیے ایک بہترین سیاحتی مقام ہے۔

سمرقند کی تاریخی اہمیت

سمرقند کو “اسلامی دنیا کا نگینہ”کہا جاتا ہے۔ اس کی تاریخ کئی عظیم سلطنتوں سے جڑی ہوئی ہے۔سکندرِ اعظم نے اسے فتح کیا اور اسے “ماراکندا”کہا۔ امیر تیمورنے سمرقند کو اپنی سلطنت کا دارالحکومت بنایا اور اسے دنیا کا سب سے خوبصورت شہر بنانے کا خواب دیکھا۔ شاہراہِ ریشم( Silk Road) پر واقع ہونے کی وجہ سے یہ شہر تجارت، علم و فن اور ثقافت کا مرکز بنا۔عالمِ اسلام کے عظیم سائنسدان، جیسے الخوارزمی، ابن سینااور عمر خیام کا تعلق بھی اس خطے سے رہا ہے۔

سیاحوں کے لیے سمرقند کے اہم مقامات

1. ریگستان اسکوائر — اسلامی فنِ تعمیر کا شاہکار ریگستان سمرقند کا دل ہے اور دنیا کی سب سے خوبصورت تاریخی عمارتوں میں سے ایک ہے۔ یہاں تین قدیم مدرسے موجود ہیں:
“مدرسہِ الغ بیگ” ( 15ویں صدی) — جہاں الغ بیگ نے فلکیات کی تعلیم دی۔
“مدرسہِ شیردار”(17ویں صدی) — جس پر شیروں کی خوبصورت تصاویر بنی ہوئی ہیں۔
“مدرسہِ طلاکاری”( 17ویں صدی) — جسے سونے سے سجایا گیا ہے۔
رات کے وقت ریگستان میں روشنیوں کا شاندار منظر ہوتا ہے، جو سیاحوں کو مسحور کر دیتا ہے۔

2. “گورِ امیر “ امیر تیمور کا مزار
یہ عظیم مقبرہ امیر تیموراور اس کے خاندان کی آخری آرام گاہ ہے۔ اس کی تعمیر 15ویں صدی میں ہوئی تھی اور اس کا گنبد نیلے رنگ کی ٹائلوں سے مزین ہے۔ مقامی لوگوں کا عقیدہ ہے کہ اگر کوئی شخص تیمور کی قبر کو چھو لے تو اس پر بدقسمتی آتی ہے۔

3. بی بی خانم مسجد — عظمتِ رفتہ کی یادگار
یہ مسجد امیر تیمورنے اپنی بیوی “بی بی خانم” کے لیے بنوائی تھی۔ کہا جاتا ہے کہ اس کی تعمیر کے دوران ایک معمار نے بی بی خانم کو پیار کا اظہار کیا، جس پر تیمور نے غصے میں اسے سزائے موت دے دی۔ یہ مسجد اپنے زمانے میں دنیا کی سب سے بڑی مسجدتھی۔

4. شاہِ زندہ — مقدس مقبروں کا کمپلیکس
یہ ایک طویل راستہ ہے جس کے دونوں طرف نیلے ٹائلوں والے مقبرےبنے ہوئے ہیں۔ اسی کمپلیس میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے حقیقی چچا زاد بھائی حضرت قاسم بن عباس کی قبر بھی ہے۔ اس کے علاوہ یہاں اسلامی بزرگوں اور تیموری خاندان کے افراد کی قبریں بھی ہیں۔ یہ جگہ اپنے آرٹ اور روحانی ماحول کی وجہ سے سیاحوں میں بہت مقبول ہے۔

5. الغ بیگ رصد گاہ — قدیم فلکیات کا مرکز
“الغ بیگ”، جو امیر تیمور کا پوتا تھا، ایک عظیم سائنسدان تھا۔ اس نے 1420ء میں یہ رصد گاہ بنوائی، جہاں ستاروں اور سیاروں کا مطالعہ کیا جاتا تھا۔ آج یہاں ایک میوزیم موجود ہے، جہاں پرانے فلکیاتی آلات دیکھے جا سکتے ہیں۔

6. سیاب بازار — روایتی ذائقوں کا مرکز
سمرقند کا یہ قدیم بازار اپنے پھلوں، خشک میوہ جات، روٹیوں اور روایتی کپڑوں کی وجہ سے مشہور ہے۔ یہاں “سمرقندی نان”( روٹی) اور حلوہ ضرور آزمائیں۔

7.حضرت دانیال علیہ السلام کا مزار: پیغمبرانہ مقدس مقام سمرقند کے قدیم حصے “افروسیاب”میں واقع یہ مزار حضرت دانیال علیہ السلام کی یادگار ہے، جنہیں یہودی، مسیحی اور مسلمان تینوں مقدس مانتے ہیں۔
حضرت دانیال علیہ اسلام کی قبر کی لمبائی 18 میٹر ہے۔ مزار کے پاس ایک چشمہ ہے جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس کا پانی شفائی خصوصیات رکھتا ہے۔

8.امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کا مزار: حدیث کے امام کی آرام گاہ سمرقند سے 25 کلومیٹر دور “خارتنگ” گاؤں میں واقع یہ مزار امام محمد بن اسماعیل البخاری کی آخری آرام گاہ ہے، جن کی تصنیف”صحیح بخاری”کو اسلام کے معتبر ترین حدیثی مجموعوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

8.سمرقند سٹی: جدیدیت اور تاریخ کا امتزاج
قدیم شہر کے برعکس، سمرقند سٹی( جدید حصہ) میں ازبکستان کی ترقی کا عکس دیکھا جا سکتا ہے۔ -جدید تعمیرات ، بین الاقوامی معیار کے ہوٹلز، شاپنگ مالز اور یورپی طرز کےریسٹورنٹس ۔

9.شاہراہ ریشم: سمرقند کا تجارتی اور ثقافتی ورثہ

سمرقند شاہراہ ریشم کے اہم مراکز میں سے تھا، جہاں سے گزرنے والے قافلے چین، فارس اور یورپ کو جڑتے تھے۔ سیاب بازار آج بھی شاہراہ ریشم کے دور کی تجارتی رونق کی عکاسی کرتا ہے۔یہاں چینی ریشم، ایرانی قالین اور ہندوستانی مصالحے فروخت ہوتے تھے۔شہر کے عجائب گھروں میں شاہراہ ریشم سے متعلق نادر نمونے موجود ہیں۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں