اسرائیلی فوج کی جانب سے جنوبی لبنان میں قبضے میں لیے گئے بیو فورٹ قلعےکی کیا اہمیت ہے؟

جنوبی لبنان میں واقع تاریخی بیوفورٹ قلعہ (عربی: قلعۃ الشقیف) ایک بار پھر علاقائی کشیدگی کا مرکز بن گیا ہے، جہاں اسرائیلی فوج نے اپنی جاری فوجی کارروائیوں کے دوران اس اہم مقام پر قبضے کا اعلان کیا ہے۔

بیوفورٹ قلعہ تقریباً 900 سال پرانا ایک تاریخی اور فوجی اہمیت کا حامل قلعہ ہے جو جنوبی لبنان میں ایک بلند پہاڑی چوٹی پر واقع ہے۔ یہ قلعہ بارہویں صدی میں صلیبی جنگوں کے دوران تعمیر کیا گیا تھا اور سطح سمندر سے تقریباً 700 میٹر بلند مقام پر ہونے کے باعث اردگرد کے وسیع علاقے پر نظر رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ قلعہ دریائے لیتانی کے قریب واقع ہے اور صدیوں کے دوران مختلف حکمرانوں اور سلطنتوں کے زیرِ قبضہ رہا ہے۔

تاریخی طور پر یہ مقام اپنی جغرافیائی اہمیت کی وجہ سے دفاعی نقطۂ نظر سے انتہائی اہم سمجھا جاتا رہا ہے۔ 1982 میں اسرائیل کے لبنان پر حملے کے دوران فلسطینی جنگجو اس قلعے کو بطور فوجی اڈہ استعمال کر رہے تھے، جس کے بعد اسرائیلی فوج نے اس پر قبضہ کر لیا تھا۔ اسرائیل نے جنوبی لبنان سے اپنے انخلا تک، یعنی سن 2000 تک، اس علاقے کو اپنی سکیورٹی پٹی کا حصہ بنائے رکھا۔

حالیہ کارروائی میں اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے شہر نبطیہ کے قریب واقع اس قلعے اور اس کے اطراف کے بلند علاقوں پر دوبارہ کنٹرول حاصل کیا ہے۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کا مقصد حزب اللہ کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا اور سرحد کے قریب اہم بلند مقامات کو اپنے کنٹرول میں لینا ہے۔

فوجی ماہرین کے مطابق بیوفورٹ قلعے کی سب سے بڑی اہمیت اس کا محلِ وقوع ہے۔ اس بلند مقام سے جنوبی لبنان کے وسیع علاقوں، وادی بقاع کے بعض حصوں، مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں اور شمالی اسرائیل کے علاقوں پر نظر رکھی جا سکتی ہے۔ اسی وجہ سے اس قلعے پر کنٹرول رکھنے والی قوت کو نگرانی اور عسکری منصوبہ بندی میں نمایاں برتری حاصل ہوتی ہے۔

اسرائیلی وزیرِ دفاع نے قلعے پر اسرائیلی پرچم لہرانے کی تصاویر جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج اس مقام پر موجود رہے گی اور اسے جنوبی لبنان میں اپنی سکیورٹی پوزیشن کا حصہ بنائے گی۔

دوسری جانب لبنان میں جاری جھڑپوں اور فضائی حملوں کے نتیجے میں جانی نقصان میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ لبنانی حکام کے مطابق مارچ کے آغاز سے اب تک ہزاروں افراد ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ جنوبی لبنان کے متعدد علاقوں میں لوگوں کو نقل مکانی کے احکامات بھی دیے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں