ازبکستان کے شہر سمرقند میں 24 اور 25 جولائی 2026 کو بین الاقوامی برادر شہروں کا فورم منعقد کیا جائے گا۔
پاکستان میں ازبکستان کے سفارتخانے کے مطابق یہ فورم مختلف ممالک کے شہروں کے درمیان تعاون بڑھانے، عوامی سفارت کاری کو فروغ دینے اور بین الاقوامی روابط مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہوگا۔
فورم کے دوران ازبکستان اور دیگر ممالک کے شہروں کے درمیان تعاون سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس، پینل مباحثے اور گول میز اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔
تقریب میں برادر شہروں کے درمیان تعاون کی یادداشتوں اور شراکت داری کے معاہدوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔
فورم میں شریک غیر ملکی وفود کے لیے ثقافتی اور تعلیمی پروگرام، سمرقند کے تاریخی مقامات کے دورے اور ازبکستان کے مختلف علاقوں کی سرمایہ کاری، سیاحت اور ثقافتی صلاحیتوں سے متعلق نمائشیں بھی منعقد کی جائیں گی۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ فورم مختلف شہروں کو اپنے تجربات کا تبادلہ کرنے، مشترکہ منصوبے شروع کرنے اور طویل مدتی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے میں مدد دے گا۔