بھارتی اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاجی مظاہرے پر پولیس کریک ڈاؤن کو ہر بھارتی خاندان پر حملہ قرار دیتے ہوئے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ دھرنا دے دیا ہے۔
ایکس پر جاری بیان میں راہول گاندھی نے کہا کہ وزیراعظم مودی سمجھتے ہیں کہ وہ جواب دیے بغیر اور کسی نتیجے کا سامنا کیے بغیر بچ نکلیں گے، مگر اس بار ایسا نہیں ہوگا۔ انہوں نے اپیل کی کہ جو لوگ طلبہ کے لیے انصاف چاہتے ہیں، وہ وزیراعظم کی رہائش گاہ کے باہر دھرنے میں شامل ہوں۔
راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ بھارت کے طلبہ کی آواز کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
یہ بیان نئی دہلی کے جنتر منتر پر طلبہ اور نوجوانوں کے احتجاج پر پولیس کریک ڈاؤن کے بعد سامنے آیا ہے، جہاں مظاہرین امتحانی نظام میں مبینہ بے ضابطگیوں اور پرچوں کے لیک ہونے کے معاملے پر احتجاج کر رہے ہیں۔
گزشتہ روز کاکروچ جنتا پارٹی کے قیادت میں پارلیمنٹ کی طرف ہونے والے مارچ کو روکنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس اور لاٹھی چارج کا استعمال کیا تھا۔
طلبہ تنظیموں اور اپوزیشن جماعتوں کا مطالبہ ہے کہ امتحانی نظام میں اصلاحات کی جائیں، متاثرہ طلبہ کو انصاف دیا جائے اور وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کو ہٹا دیا جائے۔