وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ازبکستان کی خودمختار ریاست قراقلپاقستان کے وفد نے ملاقات کی، جس میں تجارت، زراعت، لائیو اسٹاک، صنعت، سیاحت اور ثقافتی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد کی قیادت کونسل آف منسٹرز کے چیئرمین فرخد ارمانوف کر رہے تھے۔ اس ملاقات میں پاکستان میں تعینات ازبک سفیر علی شیر تختیوف بھی موجود تھے۔
ملاقات میں وفد نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو قراقلپاقستان کے خصوصی اقتصادی زون میں شمولیت کی دعوت دی۔ وفد نے مریم نواز شریف کو ازبکستان اور قراقلپاقستان کے دورے کی بھی دعوت دی، جسے وزیر اعلیٰ نے شکریہ کے ساتھ قبول کیا۔
ملاقات کے دوران لاہور اور قراقلپاقستان کے دارالحکومت نوکوس کو جڑواں شہر قرار دینے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دونوں جانب سے سیاحت اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے بہترین مواقع فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے لاہور میں ازبکستان کی جانب سے ٹیکسٹائل انڈسٹری میں دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔
ملاقات میں قراقلپاقستان کو آلو کی کاشت کے لیے 100 سے 200 ہیکٹر زمین دینے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ پنجاب سے قراقلپاقستان اور ازبکستان کو سالانہ 30 ہزار مویشیوں کی طلب پوری کرنے کے امکانات پر بھی بات چیت کی گئی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارتی راہداری اور علاقائی تعاون کو مزید وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
دونوں جانب سے پنجاب اور قراقلپاقستان کے درمیان باہمی تجارتی حجم بڑھانے اور زرعی و صنعتی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔