وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ پر دونوں ممالک کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین دوستی وقت گزرنے کے ساتھ مزید مضبوط، مؤثر اور بھرپور اہمیت کی حامل ہوتی گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد، خودمختار برابری اور امن و ترقی کی مشترکہ خواہشات پر قائم ہیں، جو اب ایک مضبوط شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام چین کے عوام کے لیے دلی محبت اور احترام کا جذبہ رکھتے ہیں، جبکہ دونوں ممالک کی دوستی بدلتے علاقائی اور عالمی حالات کے باوجود مسلسل مستحکم ہوئی ہے۔
وزیراعظم نے چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین نے جدیدیت، غربت کے خاتمے اور قومی ترقی کے میدان میں غیرمعمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں، جو ترقی پذیر ممالک کے لیے مثال ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں چین کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور “ایک چین” کے اصول پر اپنے مستقل مؤقف کا اعادہ کرتا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق سی پیک نے پاکستان میں بنیادی ڈھانچے، توانائی اور صنعتی تعاون کے شعبوں میں اہم کردار ادا کیا ہے، جبکہ پاکستان سی پیک کے اگلے مرحلے میں اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے پُرعزم ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاک چین تعاون اب ڈیجیٹل معیشت، جدت، خلائی تعاون، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں جیسے نئے شعبوں تک بھی پھیل رہا ہے۔ ان کے بقول شاہراہِ قراقرم سے لے کر خلائی تعاون تک، پاک چین دوستی مشترکہ ترقی اور خوشحالی کی روشن مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی غیر یقینی صورتحال کے باوجود پاکستان اور چین کثیرالجہتی تعاون، پُرامن بقائے باہمی اور جامع ترقی کے اصولوں پر قائم ہیں، اور دونوں ممالک کی شراکت داری علاقائی استحکام اور عالمی تعاون کے لیے مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی آنے والی نسلوں کے ساتھ مزید مضبوط ہوتی جائے گی۔