ٹیم مرحوم فٹبالر ڈیوگو جوتا کے خواب کی تکمیل کے لیے میدان میں اترے گی، کوچ پرتگال ٹیم

پرتگال کی قومی فٹبال ٹیم ورلڈ کپ 2026 میں ایک بار پھر ٹائٹل جیتنے کی امید کے ساتھ میدان میں اترے گی، تاہم سب سے بڑی بحث بدستور ٹیم کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو کے مستقبل اور کردار کے حوالے سے جاری ہے۔ پرتگال اب تک 8 مرتبہ ورلڈ کپ میں شرکت کر چکا ہے اور اس کی بہترین کارکردگی 1966 میں تیسری پوزیشن حاصل کرنا رہی ہے۔

پرتگال کے کوچ روبرٹو مارٹینیز نے کہا ہے کہ ٹیم مرحوم فٹبالر ڈیوگو جوتا کے خواب کی تکمیل کے لیے میدان میں اترے گی۔ گزشتہ سال ایک ٹریفک حادثے میں ہلاک ہونے والے جوتا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کی فہرست میں 27 کھلاڑیوں کے ساتھ ایک اضافی نام بھی شامل ہے، اور وہ نام ہمیشہ ڈیوگو جوتا کا رہے گا۔

41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو اپنے کیریئر کا چھٹا اور آخری ورلڈ کپ کھیلنے جا رہے ہیں۔ اگرچہ حالیہ برسوں میں ان کی فارم اور فٹنس پر سوالات اٹھتے رہے ہیں، تاہم وہ اب بھی پرتگال کے سب سے نمایاں کھلاڑی تصور کیے جاتے ہیں۔ رونالڈو اب تک بین الاقوامی فٹبال میں 143 گول کر چکے ہیں اور انہیں ورلڈ کپ میں پرتگال کے لیے سب سے زیادہ گول کرنے والے یوسیبیو کا ریکارڈ توڑنے کے لیے مزید 2 گول درکار ہیں۔

پرتگال کی اصل طاقت اس کا مضبوط مڈل آرڈر سمجھا جا رہا ہے، جہاں برونو فرنینڈس، برنارڈو سلوا، وٹینیا اور جواو نیویس جیسے باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں۔ خاص طور پر وٹینیا کو حالیہ برسوں میں دنیا کے بہترین مڈفیلڈرز میں شمار کیا جا رہا ہے۔

اگرچہ پرتگال کو عالمی کپ کے مضبوط امیدواروں میں شمار کیا جا رہا ہے، تاہم کوچ روبرٹو مارٹینیز پر بھی دباؤ موجود ہے۔ ناقدین کا خیال ہے کہ وہ بڑے مقابلوں میں اپنی ٹیم سے توقعات کے مطابق نتائج حاصل نہیں کر سکے، تاہم 2025 میں نیشنزیورپ لیگ کے فائنل میں اسپین کے خلاف کامیابی نے ان کی پوزیشن مضبوط کی۔

پرتگال کو گروپ میں جمہوریہ کانگو، ازبکستان اور کولمبیا کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق پرتگال کے لیے ابتدائی 2 میچ نسبتاً آسان ہوں گے، جبکہ کولمبیا کے خلاف مقابلہ گروپ میں پہلی پوزیشن کا فیصلہ کر سکتا ہے۔

پرتگال 17 جون کو کانگو، 23 جون کو ازبکستان اور 27 جون کو کولمبیا کے خلاف اپنے گروپ میچز کھیلے گا۔ تجزیہ کاروں کی پیش گوئی ہے کہ پرتگال کم از کم کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کر سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں