پاکستان اور آذربائیجان ہمیشہ حقیقی بھائیوں کی طرح شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں، وزیراعظم پاکستان کا صدر آذربائیجان کو ٹیلی فون

وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران آذربائیجان کی جانب سے پاکستان کے ساتھ یکجہتی اور حمایت پر صدر الہام علیوف کا شکریہ ادا کیا ہے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، شہباز شریف نے جمہوریہ آذربائیجان کے صدر کو ٹیلی فون کیا اور جنوبی ایشیا میں حالیہ بحران کے تناظر میں آذربائیجان کے مؤقف کو پاکستانی عوام کے ساتھ محبت کا مظہر قرار دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ، پاکستان اور آذربائیجان ہمیشہ حقیقی بھائیوں کی طرح ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، اور حالیہ یکجہتی سے دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کی ایک بار پھر تصدیق ہوئی ہے۔ وزیراعظم نے آذربائیجان کے عوام کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ، پاکستان ان برادرانہ تعلقات کو باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی شراکت داری میں بدلنے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ، پاکستان نے خطے میں امن کے لیے بھارت کے ساتھ جنگ بندی مفاہمت پر اتفاق کیا ہے اور اس پر قائم رہنے کے لیے پُرعزم ہے۔ تاہم، بھارتی قیادت کے حالیہ سخت بیانات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے وزیراعظم نے واضح کیا کہ، پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ، جموں و کشمیر کا تنازعہ جنوبی ایشیا میں بدامنی کی بنیادی وجہ ہے، جسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کشمیر کاز پر آذربائیجان کی اصولی حمایت پر صدر علیوف کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان 2 ارب ڈالر کی آذری سرمایہ کاری سے متعلق پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور صدر الہام علیوف کو پاکستان کے دورے کی دعوت کی تجدید کی، جو صدر نے قبول کر لی۔

دوسری جانب، صدر الہام علیوف نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے جنگ بندی مفاہمت کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ، آذربائیجان ہر شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں