کرکٹ آسٹریلیا نے اعلان کیا ہے کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شریک آسٹریلوی کھلاڑی اپنی فرنچائزز کے ساتھ معاہدے مکمل کرنے کے بعد ہی پاکستان کے خلاف ایک روزہ سیریز میں شرکت کے لیے روانہ ہوں گے۔
کرک بز کی رپورٹ کے مطابق، آسٹریلوی بورڈ نے کہا ہے کہ جو کھلاڑی اس وقت آئی پی ایل کھیل رہے ہیں، وہ ٹورنامنٹ میں اپنی ذمہ داریاں مکمل کریں گے، چاہے پاکستان کے خلاف سیریز کا شیڈول آئی پی ایل کے آخری مرحلے سے متصادم ہی کیوں نہ ہو۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز 30 مئی، 2 جون اور 4 جون کو کھیلی جائے گی۔ دونوں بورڈز کے مطابق، آسٹریلوی ٹیم 23 مئی کو اسلام آباد پہنچے گی، جبکہ آئی پی ایل کے پلے آف مرحلے کا آغاز بھی اسی دوران ہوگا۔ آئی پی ایل 2026 کا فائنل 31 مئی کو شیڈول ہے۔
آئی پی ایل میں اس وقت کئی نمایاں آسٹریلوی کرکٹر شریک ہیں جن میں کپتان پیٹ کمنز، عبوری ون ڈے کپتان مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، ٹم ڈیوڈ، جوش ہیزل ووڈ، کیمرون گرین، مچل اسٹارک اور جوش انگلس شامل ہیں۔
اگر ان کی ٹیمیں پلے آف مرحلے تک رسائی حاصل کرتی ہیں تو ان کھلاڑیوں کو آئی پی ایل میں مزید وقت گزارنا پڑ سکتا ہے۔ سن رائزرز حیدرآباد، پنجاب کنگز اور رائل چیلنجرز بنگلورو اس وقت ناک آؤٹ مرحلے کی مضبوط امیدوار ٹیموں میں شمار کیے جا رہے ہیں۔
فرنچائز حکام نے بھی تصدیق کی ہے کہ غیر ملکی کھلاڑی، خصوصاً آسٹریلوی کرکٹرز، آئی پی ایل کے دوران ٹیمیں چھوڑ کر نہیں جائیں گے اور اپنے معاہدوں کی مکمل پاسداری کریں گے۔
ادھر کرکٹ آسٹریلیا نے ابھی تک پاکستان کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان نہیں کیا۔ تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئی پی ایل پلے آف کے شیڈول کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم کے انتخاب میں رد و بدل کیا جا سکتا ہے۔
یہ 2022 کے بعد آسٹریلیا کا پاکستان کا پہلا دوطرفہ ایک روزہ سیریز کے لیے دورہ ہوگا۔ اس سے قبل رواں برس جنوری اور فروری میں آسٹریلیا نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا، جس میں میزبان ٹیم نے لاہور میں کھیلی گئی تین میچوں کی سیریز تین صفر سے جیتی تھی۔