سسٹم میں بڑی ہلچل، بس تھوڑا انتظار

پاکستان کی سیاست میں بعض اوقات واقعات الگ الگ دکھائی دیتے ہیں، لیکن جب ان کی کڑیاں ملائی جائیں تو ایک بڑی سیاسی تصویر سامنے آنے لگتی ہے۔ آج ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے، کیا وہ محض سیاسی بیانات، اقتدار کی رسہ کشی اور جماعتی اختلافات کا معمول کا سلسلہ ہے یا پسِ پردہ کوئی بڑی سیاسی اور انتظامی تبدیلی زیرِ غور ہے؟ کیا موجودہ سیاسی نظام کو نئے انداز میں ترتیب دینے کی تیاری ہو رہی ہے؟ کیا روایتی سیاسی چہروں کے ساتھ نئے کردار متعارف کرانے کی کوشش جاری ہے؟ اور کیا مقتدر حلقوں میں یہ سوچ پروان چڑھ رہی ہے کہ موجودہ سیاسی بندوبست کو اسی انداز میں مزید چلانا ممکن نہیں رہا؟ حالیہ سیاسی بیانات، حکومتی اختلافات، نئے صوبوں کی بحث اور متبادل سیاسی انتظام سے متعلق دعوے ان سوالات کو مزید اہم بنا رہے ہیں۔

سب سے پہلے پنجاب کی سیاست کو دیکھ لیجیے، جہاں مریم نواز کی حکومت اور چوہدری خاندان کے درمیان اختلافات اب معمول کی سیاسی بیان بازی سے آگے بڑھتے دکھائی دے رہے ہیں۔ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے پنجاب حکومت کے معاملات، مبینہ کرپشن، سرکاری اخراجات اور وزرا کی جواب دہی پر سوالات اٹھائے، جس کے جواب میں مریم نواز نے پانچ ارب روپے کا ہتکِ عزت کا نوٹس بھیج دیا۔ یہ تنازع اس لیے بھی اہم ہے کہ چوہدری خاندان کا پنجاب کی سیاست میں اپنا وزن اور وفاقی حکومت میں بھی ایک مؤثر سیاسی کردار ہے۔ دوسری طرف خواجہ آصف نے ان الزامات کو پنجاب میں متبادل سیاسی بندوبست کے لیے فضا بنانے کی کوشش قرار دیا۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا یہ محض دو سیاسی شخصیات کا اختلاف ہے یا پنجاب کی سیاست میں نئی صف بندی کا آغاز؟

اس بحث میں محسن نقوی کا کردار بھی اہمیت اختیار کر جاتا ہے۔ نئے انتظامی یونٹس، نظام کی ری سیٹنگ اور پاکستان میں 12 صوبوں تک کی بحث نے سیاسی حلقوں میں کئی سوالات پیدا کیے ہیں۔ لیکن اصل سوال یہ ہے کہ کیا نئے صوبوں کا معاملہ صرف انتظامی اصلاحات تک محدود ہے؟ نئے صوبوں کی بحث کا سب سے اہم آئینی پہلو 28ویں آئینی ترمیم ہے۔ اس مجوزہ آئینی پیکج کے حوالے سے مختلف سیاسی حلقوں میں گفتگو جاری ہے، تاہم حکومت کی جانب سے اسے پارلیمنٹ میں پیش کرنے کے حتمی فیصلے اور اس کے مندرجات کے بارے میں ابہام موجود ہے۔ پیپلز پارٹی کو اس معاملے پر اعتماد میں نہ لینے کی شکایت بھی سامنے آئی، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے اتحادی جماعتوں سے مشاورت کی ضرورت تسلیم کی۔ آئینی ترمیم کے لیے دو تہائی اکثریت درکار ہے، اس لیے محض حکومتی خواہش سے ملک کے انتظامی نقشے میں تبدیلی ممکن نہیں۔ بنیادی سوال یہ ہے کہ کیا 28ویں ترمیم کا مقصد صرف نئے صوبوں کا قیام ہوگا یا اس کے ذریعے انتظامی ڈھانچے، اختیارات کی تقسیم اور حکمرانی کے نظام میں بھی تبدیلی لانے کی کوشش کی جائے گی؟

دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے بعد سیاسی منظرنامے میں ایک اور اہم تبدیلی دکھائی دے رہی ہے۔ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے معاملے پر وفاقی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کشیدگی، عمران خان سے ملاقاتوں اور مذاکرات کی ناکامی نے پہلے ہی سیاسی ماحول کو غیر معمولی بنا رکھا ہے۔ اب تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے حکومت مخالف تحریک کے لیے مولانا فضل الرحمان کو قیادت کا کردار دینے کی خواہش بھی سامنے آئی ہے۔ دوسری جانب خواجہ آصف اور محسن نقوی کے مولانا فضل الرحمان سے متعلق سخت بیانات نے سیاسی درجہ حرارت میں مزید اضافہ کیا ہے، مولانا فضل الرحمان کا آئندہ سیاسی کردار بھی اسی تناظر میں اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

اب آتے ہیں اس بحث کی طرف جس نے سب سے زیادہ تجسس پیدا کیا ہے: کیا واقعی کوئی متبادل سیاسی بندوبست تیار کیا جا رہا ہے؟ وزیر دفاع خواجہ آصف نے حالیہ گفتگو میں دعویٰ کیا کہ بعض کاروباری شخصیات گزشتہ آٹھ سے دس ماہ سے متحرک ہیں اور ایک نئے سیاسی گروپ کی تشکیل کے لیے سرگرم دکھائی دیتی ہیں۔ ان کے مطابق بعض حلقے موجودہ سیاسی نسل کے متبادل کے طور پر نئے چہروں کو آگے لانے کے خواہش مند ہیں۔ اگر ایسا کوئی منصوبہ زیرِ غور ہے تو اس کی قیادت کون کرے گا، اس کا سیاسی ایجنڈا کیا ہوگا اور عوام کے سامنے اسے کس منشور کے ساتھ پیش کیا جائے گا؟ اس پوری سیاسی صورتِ حال میں کرپشن کا معاملہ بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ پنجاب حکومت پر چوہدری سالک حسین کے الزامات، مریم نواز کا ہتکِ عزت کا نوٹس، سرکاری اخراجات پر اٹھنے والے سوالات اور متبادل سیاسی بندوبست سے متعلق بیانات نے سیاسی ماحول کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے ۔ لیکن اس پوری سیاسی بساط میں سب سے اہم کردار عوام کا ہے، جن کے نام پر کبھی نظام بدلنے، کبھی نئے صوبے بنانے، کبھی آئینی اصلاحات اور کبھی احتساب کے نعرے لگائے جاتے ہیں۔ عوام آج بھی مہنگائی، بے روزگاری، بجلی کے بلوں، ناقص صحت و تعلیم اور انصاف کے حصول میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ اگر سیاسی بندوبست تبدیل ہوتا ہے، نئے صوبے بنتے ہیں، 28ویں ترمیم آتی ہے یا کوئی نیا سیاسی گروپ سامنے آتا ہے تو عام شہری کی زندگی میں کیا تبدیلی آئے گی؟ یہی وہ بنیادی سوال ہے جس کے جواب کے بغیر کسی بھی تبدیلی کو قومی کامیابی قرار نہیں دیا جا سکتا۔

رہی بات ونس فار آل کی تو اس کا وقت واقعی آنا چاہیے، لیکن اس کا مطلب کسی ایک سیاسی جماعت، خاندان یا شخصیت کا سیاسی خاتمہ نہیں ہونا چاہیے۔ ونس فار آل کا مطلب یہ ہونا چاہیے کہ پاکستان میں شخصیات کے بجائے قانون کی حکمرانی قائم ہو، اقتدار کے بجائے عوامی خدمت ترجیح بنے اور سیاسی انتقام کے بجائے غیر جانب دار احتساب کو فروغ ملے۔ اگر واقعی کمپنی اپنا کردار تبدیل کرنے کا سوچ رہی ہے تو اس تبدیلی کا سب سے بڑا ثبوت یہی ہوگا کہ سیاست کو سیاست دانوں، ریاست کو آئین اور فیصلوں کو عوامی مینڈیٹ کے تابع رہنے دیا جائے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ آنے والے دنوں میں یہ سیاسی ہلچل کسی حقیقی اصلاحاتی عمل کو جنم دیتی ہے، کسی نئے سیاسی بندوبست کی صورت اختیار کرتی ہے یا ایک مرتبہ پھر اقتدار کی بساط پر کردار بدلتے ہیں اور عوام وہیں کھڑے رہ جاتے ہیں۔کیونکہ پاکستان کو صرف نئے چہروں کی نہیں، نظام کی تبدیلی کی ضرورت ہے۔ اقتدار کی بساط پر مہرے بدلنے سے تاریخ نہیں بدلتی، تاریخ تب بدلتی ہے جب فیصلوں کا مرکز عوام اور حکمرانی کی بنیاد آئین بن جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں