بنگلہ دیش میں فالج، اعصابی امراض، ریڑھ کی ہڈی کی چوٹوں اور حادثات کے باعث جسمانی حرکت سے محروم ہونے والے مریضوں کی بحالی کے لیے جدید روبوٹک ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ بنگلہ دیش میڈیکل یونیورسٹی میں قائم روبوٹک بحالی مرکز مریضوں کو ہاتھ پاؤں حرکت دینے، چلنے کی مشق کرنے اور جسمانی صلاحیت بہتر بنانے میں مدد فراہم کر رہا ہے۔
بنگلہ دیش کے سرکاری خبر رساں ادارے بی ایس ایس کے مطابق یہ مرکز چینی حکومت کی فراہم کردہ 62 جدید مشینوں کی مدد سے قائم کیا گیا ہے، جن میں 22 مصنوعی ذہانت سے لیس ہیں۔ چین نے ان مشینوں کے استعمال کے لیے 24 ڈاکٹروں، نرسوں اور فزیوتھراپسٹس کو تربیت بھی فراہم کی۔ مرکز کا افتتاح 31 اگست 2025 کو یونیورسٹی کے سپر اسپیشلائزڈ ہسپتال میں کیا گیا تھا۔
مرکز کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر ایم اے شکور کے مطابق اب تک 450 مریض یہاں علاج حاصل کر چکے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 11 ہزار تھراپی سیشنز مکمل کیے گئے ہیں۔ اس وقت روزانہ اوسطاً 40 سے 50 مریض فزیوتھراپی کے لیے مرکز آتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیا میں اس نوعیت کے جدید بحالی مراکز کی تعداد محدود ہے، تاہم عملے کی کمی کے باعث زیادہ مریضوں کو سہولت فراہم کرنا ممکن نہیں ہو رہا۔
روبوٹک تھراپی میں ڈاکٹر اور فزیوتھراپسٹ پہلے مریض کی جسمانی حالت کا جائزہ لیتے ہیں اور پھر کمپیوٹر کے ذریعے مشین کو ضروری ہدایات دیتے ہیں۔ اس کے بعد روبوٹ مقررہ رفتار اور وقت کے مطابق مریض کے ہاتھ پاؤں کو حرکت دینے، موڑنے اور سیدھا کرنے کی مشق کرواتا ہے۔ مصنوعی ذہانت سے لیس بعض مشینیں ممکنہ غلط ہدایات کی نشاندہی کرکے خود کو روک سکتی ہیں اور طبی عملے کو خبردار کرتی ہیں۔
اس ٹیکنالوجی کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ مریضوں کی ورزش کو کمپیوٹر گیمز سے منسلک کیا گیا ہے۔ مثال کے طور پر جب مریض اپنی ٹانگ حرکت دیتا ہے تو اسکرین پر ایک سرگرمی مکمل ہوتی ہے۔ اس طریقے سے مریض اپنی ورزش اور پیش رفت کو دیکھ سکتا ہے، جبکہ بار بار مشق کرنے سے پٹھوں کے کنٹرول اور جسمانی حرکت میں بہتری لانے کی کوشش کی جاتی ہے۔
ڈھاکا کے رہائشی ربیع الاسلام سہیل نے بتایا کہ موٹر سائیکل حادثے کے بعد ان کے ٹخنے میں سختی پیدا ہوگئی تھی، جس کے باعث انہیں چلنے پھرنے میں مشکلات کا سامنا تھا۔ اب وہ اس مرکز میں روبوٹک تھراپی حاصل کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق علاج کی سہولت حاصل کرنے کے لیے صرف 30 بنگلہ دیشی ٹکے کا آؤٹ ڈور ٹکٹ لینا پڑتا ہے، جبکہ تھراپی سے متعلق ڈاکٹروں اور فزیوتھراپسٹس کی مشاورت کے اضافی اخراجات نہیں ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق روبوٹک تھراپی فالج، اعصابی کمزوری، حادثات کے بعد جسمانی معذوری اور دیگر طویل مدتی مسائل سے متاثرہ مریضوں کی بحالی میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔ تاہم یہ ہر مریض کے مکمل صحت یاب ہونے کی ضمانت نہیں ہے۔ بحالی کی کامیابی کا انحصار بیماری کی نوعیت، چوٹ کی شدت اور مریض کی مجموعی جسمانی حالت پر ہوتا ہے۔