پاکستان کے نور زمان نے دفاعی چیمپیئن کو شکست دے کر سلیکون ویلی اوپن اسکواش کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی

پاکستان کے نوجوان اسکواش کھلاڑی نور زمان نے امریکہ میں جاری سلیکون ویلی اوپن اسکواش ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دفاعی چیمپیئن اور عالمی نمبر چار مصر کے کریم عبدالجواد کو شکست دے دی ہے۔ 22 سالہ پاکستانی کھلاڑی نے عالمی سطح کے تجربہ کار حریف کو تین ایک سے ہرا کر ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔ یہ مقابلہ بدھ کو امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر ریڈووڈ سٹی میں کھیلا گیا، جہاں نور زمان نے اپنے جارحانہ اور پُراعتماد کھیل سے سب کو متاثر کیا۔

پی ایس اے گولڈ سلیکون ویلی اوپن کے پری کوارٹر فائنل میں نور زمان نے ٹورنامنٹ کے سیکنڈ سیڈ کریم عبدالجواد کو 52 منٹ کے مقابلے میں 11-9، 11-7، 9-11 اور 11-6 سے شکست دی۔ پاکستانی کھلاڑی نے ابتدائی دونوں گیمز جیت کر برتری حاصل کی، تاہم مصری حریف نے تیسرا گیم جیت کر مقابلے میں واپسی کی کوشش کی۔ چوتھے گیم میں نور زمان نے ایک مرتبہ پھر عمدہ کھیل پیش کیا اور فیصلہ کن برتری حاصل کرتے ہوئے میچ اپنے نام کر لیا۔

میچ کے بعد نور زمان نے اپنی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مقابلے کے لیے ذہنی اور جسمانی طور پر مکمل تیار تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ وہ دنیا کے صفِ اول کے کھلاڑیوں کو شکست دیں۔ نور زمان نے اس سے قبل ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں امریکی وائلڈ کارڈ کھلاڑی برینسٹن منگ کو بھی تین ایک سے شکست دی تھی۔ اس مقابلے میں پہلا گیم 3-11 سے ہارنے کے باوجود انہوں نے شاندار واپسی کرتے ہوئے اگلے تین گیمز 11-5، 11-8 اور 11-9 سے جیتے تھے۔

پشاور سے تعلق رکھنے والے نور زمان پاکستان کے سابق عالمی اسکواش چیمپیئن قمر زمان کے پوتے ہیں۔ وہ 2025 میں انڈر 23 عالمی اسکواش چیمپیئن شپ کا اعزاز بھی حاصل کر چکے ہیں۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران ان کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور وہ عالمی درجہ بندی میں ٹاپ 30 کھلاڑیوں میں جگہ بنانے کے ساتھ پی ایس اے کے پانچ ٹائٹل بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔ دفاعی چیمپیئن کریم عبدالجواد کے خلاف تازہ کامیابی ان کے بین الاقوامی کیریئر کی اہم فتوحات میں شمار کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں