پاکستان کے نئے سفیر عمران احمد صدیقی نے تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان کو اپنی سفارتی اسناد پیش کر دی ہیں۔ سفارتی اسناد پیش کرنے کی تقریب کے بعد ایرانی صدر اور پاکستانی سفیر کے درمیان مختصر ملاقات بھی ہوئی۔
ایران میں پاکستانی سفارتخانے کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ملاقات میں پاکستان کو برادر ملک اور ایرانی عوام کے لیے دوسرا گھر قرار دیا۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا۔
بیان کے مطابق صدر پزشکیان نے ایران اور امریکا کے درمیان مکالمے میں سہولت کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے امن کے لیے حقیقی عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔
ایرانی صدر نے اعتماد ظاہر کیا کہ آنے والے برسوں میں پاکستان اور ایران کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
سفارتخانے کے بیان کے مطابق پاکستانی سفیر عمران احمد صدیقی نے پرتپاک استقبال پر ایرانی صدر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کی قیادت کی جانب سے ایرانی صدر اور عوام کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام بھی پہنچایا۔
عمران احمد صدیقی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے علاقائی امن و سلامتی اور مسلم امہ کے اتحاد کے لیے ایران کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایرانی صدر نے پاکستانی سفیر کو یقین دہانی کرائی کہ ایران میں سفارتی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے دوران انہیں مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔