ویمنز ایشیا کپ: پاکستان نے تھائی لینڈ کو 35 رنز سے شکست دے دی

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے اے سی سی ویمنز ٹی20 ایشیا کپ 2026 میں اپنے سفر کا کامیاب آغاز کرتے ہوئے تھائی لینڈ کو 35 رنز سے شکست دے دی۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں منیبہ علی کی نصف سنچری اور پاکستانی اسپنرز کی عمدہ بولنگ نے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا۔ شوال ذوالفقار ایک رن اور گل فیروزہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئیں، جس کے بعد پاکستان نے صرف 6 رنز پر اپنی ابتدائی دو وکٹیں گنوا دی تھیں۔ عائشہ ظفر بھی 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں اور پاکستان 23 رنز پر تین وکٹوں سے محروم ہوگیا۔

مشکل صورتحال میں اوپنر منیبہ علی اور صدف شمس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے 54 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ صدف شمس 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں جبکہ کپتان فاطمہ ثنا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئیں۔

منیبہ علی نے ایک جانب وکٹیں گرنے کے باوجود اپنی اننگز جاری رکھی اور 52 گیندوں پر 54 رنز بنائے، جس میں چار چوکے شامل تھے۔ ان کی اننگز نے پاکستان کو قابل دفاع مجموعے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ام ہانی نے 17 جبکہ طوبیٰ حسن نے صرف چار گیندوں پر ناقابل شکست 12 رنز بنائے۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 119 رنز بنائے۔

تھائی لینڈ کی جانب سے سلیپورن لاؤمی اور تھپچا پوتھاونگ نے تین تین جبکہ فنیٹا مایا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

120 رنز کے ہدف کے تعاقب میں تھائی لینڈ کی ٹیم بھی ابتدا ہی سے دباؤ کا شکار ہوگئی۔ پاکستانی اسپنر سعدیہ اقبال نے دوسرے اوور میں بغیر کوئی رن دیے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے تھائی لینڈ کو بڑا نقصان پہنچایا۔

پاکستانی بولرز نے تھائی لینڈ کی بیٹرز کو کھل کر رنز بنانے کا موقع نہیں دیا اور مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔ تھائی لینڈ کی جانب سے چنیدا ستھیروانگ 25 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، جبکہ کپتان نارومول چائی وائی نے 17 رنز بنائے۔

تھائی لینڈ کی ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 84 رنز بنا سکی اور پاکستان نے میچ 35 رنز سے اپنے نام کرلیا۔ سعدیہ اقبال پاکستان کی کامیاب ترین بولر رہیں، جنہوں نے چار اوورز میں صرف 11 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ طوبیٰ حسن نے دو جبکہ نشرہ سندھو اور فاطمہ ثنا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

54 رنز کی اہم اننگز کھیلنے والی منیبہ علی کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس کامیابی کے بعد پاکستان ویمنز ٹیم اب گروپ اے کے اپنے دوسرے میچ میں 5 ستمبر کو بھارت کا سامنا کرے گی۔ یہ میچ بھی دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں