پاکستان اور امریکا میں معدنیات کے شعبے میں تعاون کے فروغ پر اتفاق

امریکی کریٹیکل منرلز فورم کے صدر رابرٹ لوئس اسٹرئیر دوم اور امریکا کی نگران ناظم الامور نٹالی بیکر نے وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان معدنیات و کان کنی کے شعبے میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں فریقین نے سپلائی چین کے تحفظ، پائیدار اور ذمہ دار سرمایہ کاری کے فروغ، اور معدنی وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے مشترکہ اقدامات پر بات چیت کی۔

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں جاری ساختی اصلاحات، مالی نظم و ضبط، اور بہتر عالمی معاشی تاثر ملکی معیشت کے استحکام کی جانب مثبت قدم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک جامع اور مضبوط معدنیات پالیسی پاکستان کو برآمدات پر مبنی ترقی اور طویل المدتی معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔

دونوں ممالک نے پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے مطابق تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

یہ ملاقات حال ہی میں پاکستان اور امریکا کے درمیان اہم معدنیات پر مفاہمت کی یادداشت (MoU) پر دستخط کے بعد ہوئی، جس سے توقع ہے کہ دوطرفہ تعلقات میں اقتصادی تعاون کا ایک نیا باب کھلے گا

اپنا تبصرہ لکھیں