پاکستان فلسطین کے دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان فلسطینیوں کو غزہ سے نکالنے کے مجوزہ امریکی منصوبے کی مخالفت کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کی سرزمین فلسطینیوں کے لیے ہے اور پاکستان فلسطین کے 2 ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے۔

ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے امریکی حکام کی جانب سے کابل میں امریکی ہتھیار چھوڑنے کے معاملے پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ افغان عبوری حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ان ہتھیاروں کا استعمال روکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے پاس ثبوت ہیں کہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) ہمارے خلاف امریکی اسلحہ استعمال کر رہی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ دہشت گرد گروہ ان ہتھیاروں کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کابل حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان ہتھیاروں کا ہمارے خلاف استعمال روکے۔

شفقت علی خان نے سوڈان میں سعودی اسپتال پر حملے کی مذمت کی اور سعودی عرب کے ساتھ حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے تعلقات کے حوالے سے افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان 7 سے 11 فروری تک امن 25 مشقوں کی میزبانی کرے گا جس میں 60 ممالک بحری بیڑوں اور جنگی جہازوں کے ساتھ شرکت کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اسرائیل کی جانب سے فلسطین میں مہاجرین کی بحالی کے ادارے UNRWA پر پابندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس پابندی سے فلسطین کے حالات پر برا اثر پڑے گا۔ انہوں نے فلسطینی مہاجرین کیمپ پر اسرائیل کے حملے کی بھی مذمت کی جس میں 2 بچے شہید ہوئے۔

اپنا تبصرہ لکھیں