وزارتِ تعلیم نے انکشاف کیا ہے کہ ملک بھر میں اس وقت اڑھائی کروڑ سے زائد بچے بنیادی تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہیں۔
وزارتِ تعلیم کے مطابق سکول نہ جانے والے بچوں کی عمریں 5 سے 16 سال کے درمیان ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں سکول سے باہر بچوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے، جہاں 90 لاکھ 60 ہزار بچے تعلیم حاصل نہیں کر رہے۔
وزارتِ تعلیم کا کہنا ہے کہ سندھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے، جہاں 70 لاکھ 82 ہزار بچے سکول نہیں جا رہے۔
خیبر پختونخوا میں 40 لاکھ 92 ہزار بچے بنیادی تعلیم سے محروم ہیں، جبکہ بلوچستان میں بھی بڑی تعداد میں بچے سکولوں سے باہر ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد 9 ہزار بتائی گئی ہے۔
وزارتِ تعلیم نے یہ بھی بتایا کہ جولائی 2024 سے مارچ 2025 تک پاکستان میں مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کا صرف 0.8 فیصد تعلیم پر خرچ کیا گیا۔