‘یورپی یونین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے’، وزیراعظم پاکستان سے یورپی یونین کے اعلیٰ وفد اور معروف یورپی کمپنیوں کے نمائندوں کی ملاقات

اسلام آباد میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے یورپی یونین کے ایک اعلیٰ سطح وفد اور معروف یورپی کمپنیوں کے نمائندوں نے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تجارت اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں وفد کی قیادت پیٹیرس اسٹبس نے کی، جبکہ وفد میں یورپین انوسٹمنٹ بینک کی تھوریا تریکی اور مختلف یورپی کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیدار بھی شامل تھے۔ ان میں ایڈیڈاس کے نائب صدر مینوئل پاؤزر، اینڈرتز کے نائب صدر کارل شلوگل باؤر اور آئی کے ای اے کے ریجنل ڈائریکٹر ڈیٹر میٹکے شامل تھے۔ اس موقع پر پاکستان میں یورپی یونین کے ریمنداس کاروبولس بھی موجود تھے۔

یہ وفد یورپی یونین-پاکستان بزنس فورم میں شرکت کے لیے پاکستان آیا ہے۔ وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور پاکستانی برآمدات کا بڑا حصہ اسی منڈی میں جاتا ہے۔

وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ اس بزنس فورم کے انعقاد سے دونوں فریقین کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، اور حکومت اس حوالے سے ہر ممکن سہولت فراہم کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں چیلنجز، خصوصاً مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود حکومت معیشت کے استحکام کے لیے پرعزم ہے۔

اس موقع پر یورپی وفد نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور بزنس فورم کے انعقاد میں تعاون پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں