افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستانی سفارت خانے کے زیرِ اہتمام یومِ استحصال کشمیر کی تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر عبیدالرحمان نظامانی نے کہا کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی فورمز پر کشمیریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ کشمیری عوام آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی کوششوں کے خلاف مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہیں اور حقِ خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد ختم نہیں کریں گے۔
تقریب میں صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔ اس موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔