ایران جنگ کے دوران پاکستان نے سعودی عرب میں فوجی دستے اور جنگی طیارے تعینات کر دیے، رائٹرز کی رپورٹ

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی ایک خصوصی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے باہمی دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب میں آٹھ ہزار فوجی اہلکار، جنگی طیاروں کا ایک اسکواڈرن اور فضائی دفاعی نظام تعینات کر دیا ہے۔

رائٹرز کے مطابق اس تعیناتی کی تصدیق تین سکیورٹی حکام اور دو سرکاری ذرائع نے کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ایک مکمل جنگی صلاحیت رکھنے والی فورس ہے، جس کا مقصد سعودی عرب کو کسی ممکنہ حملے کی صورت میں مدد فراہم کرنا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے تقریباً 16 جے ایف 17 لڑاکا طیاروں پر مشتمل ایک مکمل اسکواڈرن سعودی عرب بھیجا ہے۔ یہ طیارے پاکستان اور چین نے مشترکہ طور پر تیار کیے ہیں۔ بعض ذرائع کے مطابق پاکستان نے ڈرونز کے دو اسکواڈرن بھی سعودی عرب روانہ کیے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس تعیناتی میں چینی ساختہ ایچ کیو 9 فضائی دفاعی نظام بھی شامل ہے، جبکہ تمام فوجی سازوسامان پاکستانی اہلکار چلا رہے ہیں اور اس کے اخراجات سعودی عرب برداشت کر رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ برس ہونے والے خفیہ دفاعی معاہدے میں ضرورت پڑنے پر مزید فوج بھیجنے کی گنجائش بھی موجود ہے۔

ایک سرکاری ذریعے نے رائٹرز کو بتایا کہ معاہدے کے تحت سعودی عرب میں 80 ہزار تک پاکستانی فوجی تعینات کیے جا سکتے ہیں تاکہ سعودی افواج کے ساتھ مل کر سرحدوں کا دفاع کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں