دورہ نیوزی لینڈپر کون سے نوجوان کھلاڑیوں کو موقعہ ملے گا؟

چیمپینز ٹرافی کے فوری بعد پاکستانی ٹیم نے نیوزی لینڈکا دورہ کرنا ہے، بارہ مارچ سے یہ دورہ شروع ہوگا۔نیوزی لینڈ میں پاکستانی ٹیم نے پانچ ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچز کھیلنے ہیں۔
اگلے سال انڈیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہونا ہے، اس کی تیاری کے لئے نوجوان کھلاڑیوں کو موقعہ دینے پر زور دیا جا رہا تھا جبکہ چیمپینز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم کی بدترین ناکامی اور سپرسٹار کھلاڑیوں کے بری طرح ناکام ہونے پریہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ دورہ نیوزی لینڈ میں پانچ چھ سینئر کھلاڑیوں کو ریسٹ کرایا جائے گا۔ اس حوالے سے کپتان محمد رضوان، بابراعظم اور تینوں مین فاسٹ باولرز شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث روف کو آرام کرانے کی تجویز زیر غور ہے۔ ایسی صورت میں وائٹ بال ٹیم کے نائب کپتان سلمان آغا ٹیم کے کپتان ہوسکتے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق چیئرمین کرکٹ بورڈ پانچ سے چھ نئے کھلاڑیوں کو موقعہ دینے کے حق میں ہیں۔ ان میں سے دو کھلاڑی یقینی طور پر شامل ہوں گے۔ یہ مسٹری سپنر سفیان مقیم اور ہارڈ ہٹر عرفان خان نیازی ہیں۔ انہیں چیمپینز ٹرافی کے لئے شامل نہ کرنے پر پہلے ہی سلیکشن کمیٹی پر بہت تنقید کی گئی ہے۔ فاسٹ باولرز میں سے عباس خان آفریدی ، وسیم جونیئر اور لیفٹ آرم فاسٹ باولر عاکف جاوید کو موقعہ دیا جا سکتا ہے۔ وسیم جونیئر پہلے کئی بار کھیل چکے ہیں جبکہ عباس آفریدی پچھلے سال ورلڈ کپ اور دورہ آسٹریلیا ، جنوبی افریقہ میں بھی شریک رہے ہیں۔ اگر صائم ایوب فٹ ہوگئے تو وہ بھی شامل ہوں گے ، تاہم وکٹ کیپر بیٹسمین محمد حارث کو کھلانے کی تجویز بھی زیرغور ہے، نوجوان حسیب اللہ بھی سکواڈ میں شامل ہوسکتے ہیں جبکہ نوجوان سٹروک پلیئر اور اوپنر عمیر بن یوسف کو بھی دوبارہ موقعہ مل سکتا ہے، سپن آل رائونڈر عرفات منہاس اور مسٹری سپنر فیصل اکرم بھی زیرغور ہیں، نوجوان آف سپنر قاسم اکرم اور پچھلے سال پی ایس میں جارحانہ ہٹنگ سے نمایاں ہونے والے خواجہ نافع کے ناموں پر بھی غور ہو رہا ہے۔ اگلے چند دنوں میں اس حوالے سے حتمی فیصلہ متوقع ہے.

Author

اپنا تبصرہ لکھیں