‘بھارتی مہم جوئی کو ناکام بنانے کے لیے پوری طرح تیار ہیں’، پاکستان کی بھارتی وزیر دفاع کے کشمیر سے متعلق بیان کی مذمت

پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے جموں و کشمیر سے متعلق بیان کو “اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ” قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان اقوام متحدہ اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ جموں و کشمیر تنازع سے متعلق حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش ہے۔

پاکستان کے مطابق جموں و کشمیر کا مسئلہ اب بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان خطے اور عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ بننے والی پالیسی کی عکاسی کرتا ہے۔

بیان میں کہا کیا گیا کہ ایسے بیانات کا مقصد بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر پر مسلسل قبضے، خطے میں دہشت گردی کی مبینہ سرپرستی اور بھارت کے اندرونی عدم استحکام سے توجہ ہٹانا ہے۔

پاکستان نے کہا کہ بھارت جارحانہ بیانات دیتے ہوئے پاکستانی عوام اور حکومت کے عزم کو کم نہ سمجھے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کسی بھی بھارتی مہم جوئی کو ناکام بنانے کے لیے پوری طرح تیار ہے، جس کا مظاہرہ گزشتہ سال آپریشن بنیان المرصوص کے دوران پوری پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے کیا تھا۔

پاکستان نے عالمی برادری، خاص طور پر اقوام متحدہ، سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے اس رویے کا نوٹس لے۔

بیان میں کہا گیا کہ بھارت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل نہ کرنے پر جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔

پاکستان کے مطابق ان قراردادوں میں جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کی ضمانت دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں