‘لبنان میں جنگ بندی کا احترام علاقائی امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے’، پاکستان اور فرانس کا لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر اظہارِ تشویش

پاکستان اور فرانس کے وزرائے خارجہ نے لبنان میں جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ خطے میں امن کے لیے جنگ بندی پر مکمل عملدرآمد نہایت ضروری ہے۔

پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور فرانس کے وزیرِ خارجہ جین نوئل بیرٹ کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو میں خطے کی مجموعی صورتحال اور جاری کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان کے دفترِ خارجہ کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ لبنان میں جنگ بندی کا احترام علاقائی امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔

گفتگو کے دوران فرانسیسی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ فرانس خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور اس سلسلے میں تعاون جاری رکھے گا۔

یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان ممکنہ امن مذاکرات اس ہفتے کے اختتام پر پاکستان میں متوقع ہیں۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ مذاکرات طے شدہ شیڈول کے مطابق ہوں گے یا نہیں، جس کے باعث خطے کی صورتحال پر غیر یقینی کے بادل بدستور منڈلا رہے ہیں۔
دوسری جانب لبنان کے صدارتی دفتر کے ایک سینیئر اہلکار نے بی بی سی کو تصدیق کی ہے کہ اگر پہلے جنگ بندی نافذ ہو جاتی ہے تو لبنان آئندہ ہفتے اسرائیل کے ساتھ براہِ راست مذاکرات میں شرکت کرے گا۔ اہلکار کے مطابق، اس مجوزہ ملاقات کی تاریخ اور وقت کا ابھی حتمی تعین نہیں کیا گیا۔

لبنان اور اسرائیل کے درمیان براہِ راست مذاکرات ماضی میں بھی کبھی کبھار ہوئے ہیں، تاہم اسے ایک غیر معمولی پیش رفت سمجھا جاتا ہے۔ عمومی طور پر دونوں ممالک کے درمیان رابطہ امریکی ثالثی کے ذریعے ہی برقرار رکھا جاتا ہے اور زیادہ تر بات چیت بالواسطہ انداز میں ہوتی رہی ہے۔

Author

  • The standard lorem ipsum passage has been a printer's friend for centuries. Like stock photos today, it served as a placeholder for actual content. The original text comes from Cicero's philosophical work "De Finibus Bonorum et Malorum," written in 45 BC.

اپنا تبصرہ لکھیں